Live Updates

پاکستانی عوام کی اکثریت الیکشن پر اعتبار کھو چکی

عوام کو لگتا ہے اگر فیصلہ کہیں اور ہو چکا تو پھر پورا شہر بھی ووٹ دے تب بھی ان کا امیدوار نہیں جیتے گا، ضمنی الیکشن کے نتائج پر سینئر صحافی کا ردعمل

muhammad ali محمد علی پیر 22 اپریل 2024 19:33

پاکستانی عوام کی اکثریت الیکشن پر اعتبار کھو چکی
لاہور( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 اپریل 2024ء) سینئر صحافی کے مطابق پاکستانی عوام کی اکثریت الیکشن پر اعتبار کھو چکی۔ تفصیلات کے مطابق جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے 21 اپریل کو ملک کے مختلف حلقوں میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے نتائج پر سینئر صحافی اعزاز سید نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 2018 اور 2024 کے عام انتخابات میں عوام کی مرضی کیخلاف فیصلہ کیا گیا، جس کے بعد پاکستان میں جمہوریت کی فاتحہ پڑھی جا چکی۔

اعزاز سید نے ضمنی الیکشن کے نتائج کے حوالے سے کہا کہ تحریک انصاف کا ووٹر نہیں نکلا کیونکہ ان ضمنی الیکشن کے نتائج سے حکومتوں پر کوئی اثر نہ پڑتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام کی اکثریت الیکشن پر اعتبار کھو چکی ہے۔ عوام کو لگتا ہے اگر فیصلہ کہیں اور ہو چکا تو پھر پورا شہر بھی ووٹ دے تب بھی ان کا امیدوار نہیں جیتے گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتے ہیں، الیکشن کمیشن چوروں کو تحفظ دے رہا ہے، الیکشن کمیشن اور پنجاب حکومت کیخلاف بغاوت کی ایف آئی آرز ہونی چاہیئں، الیکشن کمیشن کی سرپرستی میں ننگی جارحیت کا مُظاہرہ کیا گیا۔

پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر خان ، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کے ہمراہ انہوں نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل الیکشن کمیشن کی سرپرستی میں پنجاب حکومت نے جِس ننگی جارحیت، بےشرمی اور بےحیائی کا مُظاہرہ کیا، جس طرح الیکشن کرایا گیا، آراوز سے رزلٹ لئے گئے، گورنر ہاؤس لاہور میں خواجہ عمران نذیر کی موجودگی میں مختلف لوگوں کو پیسے دینے کی ویڈیوز بنائی گئیں، اور جن آراوز نے پیسے لینے سے انکار کیاان کو ٹارچر کیا گیا اور زبردستی فارم 45پر دستخط لئے گئے، اس کی مذمت کافی نہیں ہے۔

سیاستدانوں نے ٹھیکہ نہیں اُٹھایا ہوا کہ ہمیشہ غداری، بغاوت اور آرٹیکل 6 کا استعمال اُنہی کے خلاف ہو، موجودہ الیکشن کمیشن اور حکومت کیخلاف بغاوت کی ایف آئی آرز ہونی چاہیئں، کیونکہ آئینِ پاکستان کا اِتنا کُھلم کُھلا استحصال ماضی میں کبھی نہیں ہوا۔ ہمارے لیئے یہ الیکشن مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں،ہم ان الیکشن کے نتائج کو مسترد کرتے ہیں، الیکشن کمیشن ثابت کردیا کہ وہ چوروں اور ڈاکوؤں کے نام نہاد مینڈیٹ کو تحفظ دینے اور انہیں ا یوان میں پہنچانے کیلئے اپنا کردار ادا کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے حوالے سے واضح ہدایات دی ہیں، فیصل آباد کے جلسے کی تاریخ کا آج اعلان کردیا جائے گا، یہ جلسہ پنجاب میں احتجاجی تحریک کی ابتدا کرے گا۔ ہم ضلع ٹو ضلع جائیں گے، یہ میراتھن احتجاجی تحریک ہے۔ کل جس طرح کیا گیا اگر ہمارے امیدوار کارکنان اس کی مزاحمت کرتے تو خون خرابا ہوسکتا تھا، لیکن ہمارے کارکنان نے قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لیا۔

پنجاب میں ڈرامہ سیریز چل رہی ہے، کبھی تندور پر پہنچ جاتے ہیں، کبھی گندم کی کٹائی کرتے ہیں، ان کو درانتی نہیں چلانی آتی، کبھی موٹرسائیکلوں پر تاریں لگاتے ہیں، ان کا کام یہ نہیں تھا، لیکن چونکہ چوری مینڈیٹ سے آئے ہیں، ابھی بھی بنیادی مقصد کرپشن کو تحفظ دینا اور مزید کرپشن کو جاری رکھنا ہے۔ پنجاب میں پاٹے خان قسم کا آئی جی لگایا ہوا ہے، اس کا ہم آئین قانون کے تحت احتساب کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات