Live Updates

الیکشن کمیشن اپنی ساکھ کھو بیٹھا ، ہمارا مطالبہ ہے کہ چیف الیکشن کمشنر فوری مستعفی ہوجائے

گزشتہ روز کے ضمنی انتخابات میں فارم 45 پہلے ہی تیار تھے، چیف جسٹس سپریم کورٹ کو معاملے کا نوٹس لینا چاہیئے۔ مرکزی رہنماء پی ٹی آئی، رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 22 اپریل 2024 20:38

الیکشن کمیشن اپنی ساکھ کھو بیٹھا ، ہمارا مطالبہ ہے کہ چیف الیکشن کمشنر ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 اپریل 2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اپنی ساکھ کھو بیٹھا ، ہمارا مطالبہ ہے کہ چیف الیکشن کمشنر فوری مستعفی ہوجائے، گزشتہ روز کے ضمنی انتخابات میں فارم 45 پہلے ہی تیار تھے،چیف جسٹس سپریم کورٹ کو معاملے کا نوٹس لینا چاہیئے۔ انہوں نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غریب عوام کا کوئی سہارا نہیں حکومت مزید مشکلات پیدا کررہی ہے، 2 مرتبہ پیٹرول مہنگا کیا گیا ، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔

موجودہ حکومت جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچے گی۔ عامر ڈوگر نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ روز کے ضمنی انتخابات میں فارم 45 پہلے ہی تیار تھے، الیکشن کمیشن اپنی ساکھ کھو بیٹھا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ چیف الیکشن کمشنر فوری مستعفی ہوجائے، چیف جسٹس سپریم کورٹ کو معاملے کا نوٹس لینا چاہیئے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی رہنماء شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پنجاب کے کسانوں کے ساتھ ظلم کیا جارہا ہے، حکومت نے کسانوں کو گندم کے بہت کم نرخ دیئے ہیں، تحریک انصاف کسانوں کے ساتھ نکلے گی، پی ٹی آئی پنجاب میں کسانوں کی ہر تحریک کے ساتھ کھڑی ہے۔

پی ٹی آئی رہنماء زین قریشی نے کہا کہ حکومت کسانوں کی کمر توڑ دی ہے، ملک میں آئے روز بجلی کھاد مہنگی ہورہی ہے، حکومتی نرخ کے مطابق کسان کی لاگت بھی پوری نہیں ہورہی ، وزیراعلیٰ 16روپے میں روٹی دینا چاہتی ہیں پہلے کسان کو تو حق دیں۔ اس سے قبل سنی اتحاد کونسل کے سربراہ ڈصاحبزادہ حامد رضا خان نے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر خان ، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح الیکشن کرایا گیا، آراوز سے رزلٹ لئے گئے، گورنر ہاؤس لاہور میں خواجہ عمران نذیر کی موجودگی میں مختلف لوگوں کو پیسے دینے کی ویڈیوز بنائی گئیں، اور جن آراوز نے پیسے لینے سے انکار کیاان کو ٹارچر کیا گیا اور زبردستی فارم 45پر دستخط لئے گئے، اس کی مذمت کافی نہیں ہے۔

ہمارے لیئے یہ الیکشن مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں،ہم ان الیکشن کے نتائج کو مسترد کرتے ہیں، الیکشن کمیشن ثابت کردیا کہ وہ چوروں اور ڈاکوؤں کے نام نہاد مینڈیٹ کو تحفظ دینے اور انہیں ا یوان میں پہنچانے کیلئے اپنا کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے حوالے سے واضح ہدایات دی ہیں، فیصل آباد کے جلسے کی تاریخ کا آج اعلان کردیا جائے گا، یہ جلسہ پنجاب میں احتجاجی تحریک کی ابتدا کرے گا۔

ہم ضلع ٹو ضلع جائیں گے، یہ میراتھن احتجاجی تحریک ہے۔ کل جس طرح کیا گیا اگر ہمارے امیدوار کارکنان اس کی مزاحمت کرتے تو خون خرابا ہوسکتا تھا، لیکن ہمارے کارکنان نے قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لیا۔ پنجاب میں ڈرامہ سیریز چل رہی ہے، کبھی تندور پر پہنچ جاتے ہیں، کبھی گندم کی کٹائی کرتے ہیں، ان کو درانتی نہیں چلانی آتی، کبھی موٹرسائیکلوں پر تاریں لگاتے ہیں، ان کا کام یہ نہیں تھا، لیکن چونکہ چوری مینڈیٹ سے آئے ہیں، ابھی بھی بنیادی مقصد کرپشن کو تحفظ دینا اور مزید کرپشن کو جاری رکھنا ہے۔ پنجاب میں پاٹے خان قسم کا آئی جی لگایا ہوا ہے، اس کا ہم آئین قانون کے تحت احتساب کریں گے۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات