عالمی برادری تنازعہ کشمیر کے فوری حل کیلئے اپنا کردارادا کرے، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی

منگل 23 اپریل 2024 18:48

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) امریکہ کی ا یک حالیہ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت بھر میں انسانی حقوق کی صورتحال انتہائی سنگین ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انسانی حقوق کے حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے جاری 2023کی جامع رپورٹ میں مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں، بلاجواز گرفتاریوں ، صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو ہراساں کرنے سمیت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

رپورٹ میں خاص طور پر 2016اور 2022کے درمیان ماورائے عدالت قتل کے 813 واقعات پر تشویش ظاہر کی گئی ہے جن میں کسی کو کوئی سزا نہیں دی گئی۔ رپورٹ میں جبر ی گمشدگیوں کے واقعات کا بھی حوالہ دیا گیا ہے جن میں حکام کی طرف سے سہولت فراہم کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں خاص طورپرجموں و کشمیر اور بھارت بھرمیں مسلمانوں کو نشانہ بنائے جانے اور ان واقعات پر کسی قسم کی کوئی کارروائی نہ کئے جانے پر بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے ۔

جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کیلئے تنازعہ کشمیر کو فوری طورپر حل کرے۔ ڈی ایف پی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں حریت رہنمائوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور صحافیوں کی مسلسل نظربندی کی مذمت کرتے ہوئے عالمی مداخلت کی ضرورت پر زور دیا۔

راجوری میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک سرکاری ملازم محمد رزاق کو قتل کر دیا۔ حملہ آوروں نے زبردستی رزاق کے گھر میں گھس کر اسے گولی مار کرقتل کر دیا۔ بھارتی فورسز نے ضلع بانڈی پورہ میں دو کشمیری نوجوانوں کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتارکیاہے۔ گرفتار نوجوانوں کوجموں کی کوٹ بھلوال جیل میں نظربند کیاگیا ہے۔ پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے جنوبی کشمیر میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کا حل انکی پارٹی کیلئے سب سے اہم ہے۔

انہوں نے پائیدار امن کیلئے اجتماعی جمہوری کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دفعہ370 کی بحالی کا عزم ظاہرکیا۔ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بجلی کا بحران مزید سنگین ہوگیا ہے جس کی وجہ سے بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ سے معمولات زندگی اور کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہورہی ہیں۔ ایک سینئر سرکاری افسر نے کہاکہ بھارتی حکومت جموں وکشمیر کی معیشت کو تباہ کرنے کیلئے جان بوجھ کر اس طرح کے اقدامات کررہی ہے۔