Live Updates

کروڑوں روپے کی کرپشن ،غیرقانونی طورپر سیکرٹری جنرل سجاد عزیز و دیگر ملوث افراد / ملازمین کے اکائونٹس میں ٹرانزکشن ہوئی ،فواد اسحق

چیمبر کی سطح پر مالی و انتظامی بے ضابطگیوں اور بے قاعدگیوں میں ملوث افراد اور ملازمین کو کیفرکردار تک پہنچا جائے گا ، مزید شواہد اکٹھا کرکے کرپشن کے کیسز بارے ایف آئی اے اور پولیس کے ذریعے بھی تحقیقات اور ملزموں کیخلاف مقدمات درج کئے جائیں گے،صدرسرحدچیمبر

جمعرات 25 اپریل 2024 20:20

�شاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرفواد اسحق نے انکشاف کیا ہے کہ کروڑوں روپے کی کرپشن اورغیرقانونی طورپر سیکرٹری جنرل سجاد عزیز اور دیگر ملوث افراد / ملازمین کے اکائونٹس میں ٹرانزکشن ہوئی ،چیمبر کی سطح پر مالی و انتظامی بے ضابطگیوں اور بے قاعدگیوں میں ملوث افراد اور ملازمین کو کیفرکردار تک پہنچا جائے گا اور مزید شواہد اکٹھا کرکے کرپشن کے کیسز کے حوالے سے ایف آئی اے اور پولیس کے ذریعے بھی تحقیقات اور ملزموں کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے۔

گزشتہ روز سرحدچیمبر کے صدرفواد اسحق نے نائب صدر اعجاز خان آ فریدی ، ایگزیکٹو ممبران محمد ارشد صدیقی ، منہاج الدین ، قراة العین، عفاف علی خان ، کاشف امین ، محمد اسماعیل صافی ،سابق صدور حاجی محمد افضل، زاہداللہ شنواری، حسنین خورشید ، ریاض ارشد،ملک نیاز احمد ، ذوالفقار علی خان، سابق سینئر نائب صدور ضیاء الحق سرحدی ، عمران خان مہمند ، انجینئر منظور الٰہی، سابق صدر انڈسٹریلسٹ ایسوسی ایشن ملک عمران اسحق ، صدر گل، فیض رسول ، راشد اقبال صدیقی اور دیگر کے ہمراہ چیمبرہائوس میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے کہاکہ چیمبر کی سطح پر تین افراد کا گینگ کرپشن میں ملوث ہے جس میں سیکرٹری جنرل سجاد عزیز بھی شامل ہے ہم نے اس گروہ کوپکڑ ا ہے اب تک 50 لاکھ روپے کی خطیر رقم ویز ا سیکشن انچارج ڈپٹی سیکرٹری امجد علی سے ریکور کی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل سجاد عزیز کے خلاف متعدد شواہد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس گروہ کا سرغنہ قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ چیمبر کے آئی ٹی کے ماہرین نے اس بڑے پیمانے پر مالی و انتظامی بے قاعدگیوں اور بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل سجاد عزیز کروڑوں روپے کی کرپشن میں ملوث ہے جس کے حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہے اور ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق چھ ماہ میں سجاد عزیز کے الائیڈ بینک اسٹیٹمنٹ میں ایک کروڑ 66 لاکھ 51 ہزار 600روپے کی خطیر رقم جمع ہوئی جبکہ اُن کی تنخواہ بمعہ الائونس ایک لاکھ 80 ہزار 980روپے بنتی ہے ۔

انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ ویزہ پروسیسنگ ایجنٹس سجاد عزیز کے ساتھ ملوث تھے اور ان ایجنٹس نے تسلیم کیا ہے کہ گذشتہ تین ماہ کے عرصے میں 72 لاکھ روپے انہوں نے سجاد عزیز کو دیئے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے سرحد چیمبر کی موجودہ کابینہ اور بزنس مین فورم کسی بھی کالی بھیڑے کو نہیں چھوڑے گی اور تمام ملوث افراد / ملزمان کو کیفر کردارادا تک پہنچایا جائے گا ۔

سرحد چیمبر کے صدرفواد اسحق کا کہنا تھا کہ افغانستان کے لئے ای بل جاری کرنے میں بھی کرپشن ہوئی ہے اور سیکرٹری جنرل سجاد عزیز ،ْ ڈپٹی سیکرٹری امجد علی اور ڈپٹی سیکرٹری عبدالناصر نے ای بل کی مد میں 10ہزارروپے کی بجائے 50 ہزار روپے وصول کئے ہیں جبکہ 10 ہزار روپے کی اصل فیس بھی چیمبرکے اکائونٹ میں کبھی جمع نہیں کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ ای بل کی فیس کی جعلی بینک رسیدیں بھی بنائی گئی ہیںاور بینک کی جعلی مہریں بنا کر رسیدوں پر ثبت کیں۔

انہوں نے بتایا کہ تاجروں سے ویزوں کی مد میں بھی جعلی رسیدیں تما کر پیسے لئے گئے ہیں ۔ انہوں نے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری سجاد عزیز کو ایگزیکٹوکمیٹی کے فیصلے کے مطابق ملازمت سے برطرف کردیاگیا جبکہ ڈپٹی سیکرٹری ویزہ سیکشن امجد علی سے بھی 30 دسمبر 2023ء کو ملازمت چھوڑ کر چلے گئے جبکہ ڈپٹی سیکرٹری عبدالناصر کو معطل کیاگیا ہے ۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ گذشتہ 12 ماہ میں472کیسز میں 221 میں کرپشن کی گئی ہے جس کے مطابق گذشتہ ایک سال میں ای بی فیس کی مد میں 47فیصد کرپشن ہوئی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈپٹی سیکرٹری عبدالناصر نے 47کیسز میں کرپشن کی ہے جس میں نے انہوں نے 35 کیسز کو تسلیم کیا ہے ۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ ڈپٹی سیکرٹری ویزہ سیکشن امجد علی نے نوکری چھوڑنے کے بعد گھر سے نادرا کا سافٹ ویئر استعمال کرکے ایک لاکھ 20 ہزار روپے کے کیسز کرکے کرپشن کی ہے جبکہ یہ ای میل سیکرٹری جنرل سجاد عزیز کی رسائی میں بھی تھا ۔

انہوں نے واضح کیا ہے کہ سیکرٹری جنرل سجاد عزیز کے لیپ ٹاپ سے ڈیٹا اکٹھا کیاگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شنید ہے کہ چین کی حکومت نے 13 افراد کو سرحد چیمبر کے گارنٹی لیٹر کے ساتھ ہانگ کانگ میں پکڑ ا ہے جس کی رپورٹنگ حکومت کو وزارت خارجہ کے ذریعے ملی جس پر ایف آئی اے نے سرحد چیمبر کو خطوط لکھے جو کہ سیکرٹری جنرل سجاد عزیز نے ریکارڈ نہ لاتے ہوئے اور مجاز اتھارٹی کو نہ بتاتے ہوئے تمام معاملات خود ہی طے کئے جبکہ چینی سفارتخانہ کو بھی اس حوالے سے خط و کتابت کرتے رہے لیکن مجاز اتھارٹی کو اس حوالے سے بے خبر رکھاجس کی وجہ سے سرحد چیمبر کوبلیک لسٹ کیاگیا ۔

سرحد چیمبر کے صدر فواد اسحق نے پاکستان میں تعینات چین کے سفیر اور ایف پی سی سی آئی کو خط لکھے ہیں اور چینی سفیر مشترکہ ملاقات کے لئے بھی وقت دینے کی درخواست کی ہے کیونکہ چین ہمارا دوست اور برادر ملک ہے اور بہت سارے لوگوں کا کاروبار چین سے وابستہ ہے اور ان تمام معاملات کو صحیح کرکے جدید آئی ٹی سسٹم کے نفاذ کے ذریعے جعلی خطوط اور ویزا لیٹرکو جدید طریقے کار سے وضع کرکے جعلی سازی کا مکمل قلع قمع کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ چیمبر کی سطح پر تحقیقات مکمل ہونے پر کرپشن کے حوالے سے سرحد چیمبر وکلاء کے ساتھ مشاورت کرنے کے بعد ایف آئی اے اور پولیس سے مل کر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات