اپر کوہستان ، داسو میں چیئرمین کے الیکشن کے لئے پولنگ کا عمل سکیورٹی حصار میں جاری

اتوار 28 اپریل 2024 15:30

اپر کوہستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2024ء) اپر کوہستان کی تحصیل داسو میں چئیرمین کے الیکشن کے لئے پولنگ کا عمل سخت سکیورٹی حصار میں جاری ہے۔ اپر کوہستان پولیس کے مطابق پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں. ٹوٹل 23 پولنگ سٹیشنز پر فول پروف سکیورٹی کے لئے بھاری نفری تعینات کی گئی ہے. ضلع بھر کے داخلی وخارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندیاں قائم ہیں۔

(جاری ہے)

ایس پی انویسٹی گیشن محمد صدیق و ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز و دیگر افسران نے مختلف پولنگ سٹیشنز کے دورے کئے اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔اس دوران انہوں نے پولیس افسران کو ہدایات جاری کیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مختیار احمد تمام سکیورٹی انتظامات کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنائیں، شہریوں کے ساتھ شائستہ رویہ اپنائیں، عوام کو منظم طریقے سے قطار میں داخل کیا جائے، غیر جانبدار ہو کر اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دیں. ڈی پی او نے کہا کہ الیکشن کے پر امن انعقاد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔