فارم 47کے نتیجے میں بننے والی حکومت عوام کی بھلائی کبھی نہیں کرسکتی،پروفیسر محمد ابراہیم خان

اتوار 28 اپریل 2024 18:30

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے واضح کیا ہے کہ فارم 47کے نتیجے میں بننے والی حکومت عوام کی بھلائی کبھی نہیں کرسکتی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو صوابی کا ایک روزہ دورے کے دوران کیا، اس موقع پر انھوں نے جماعت اسلامی کے ضلعی اجتماع ارکان سے خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے ارکان سے کہا کہ نو منتخب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم کی قیادت میں جماعت اسلامی ایک نئے سرے سے نئی حکمت عملی کیساتھ میدان میں اترے گی،تنظیمی خامیوں کو دور کرنا ہوگا اور مخلص اور متحرک افراد کو آگے بڑھ کر جماعت اسلامی کی دعوت کو ہر جگہ پہنچانا ہوگا،جماعت اسلامی کسی ایک فرد کیلئے کام نہیں کرتی بلکہ ایک جمہوری اور آئینی نظام کو آگے بڑھاتے ہوئے ملک میں جمہوریت کی بحالی کیلئے کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ 2024 کے الیکشن ملکی تاریخ کے بدترین الیکشن تھے جس میں عوام کی مسترد کردہ جماعتوں کو برسرِ اقتدار لایا گیا،جماعت اسلامی کے افراد ہمہ تن عوام کی خدمت میں مصروف ہیں اور وہ پر امید ہیں کہ ایک دن ضرور اسلامی نظام کا سورج طلوع ہوگا۔بعد ازاں یارحسین میں جماعت اسلامی کے دیرینہ رکن شاہ وزیر خان کی اہلیہ اور منظور احمد کی والدہ کے جنازے میں شرکت کی اور دعائے مغفرت کی۔انکے ہمراہ جماعت اسلامی صوابی کے ضلعی امیر مراد احمد، نائب امیر محمود الحسن اور زونل امیر ظفر بخاری بھی تھے۔