سعودی عرب اور اقوام متحدہ کا ماحولیات کا عالمی دن منانے کی مہم کا آغاز

پیر 29 اپریل 2024 08:40

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) سعودی عرب اور اقوام متحدہ کے ماحولیات پروگرام نے"عالمی یوم ماحولیات 2024" کا اعلان کرنے کے لیے عالمی مہم کا آغاز کردیا۔العربیہ کے مطابق عالمی مہم کی اہمیت کے بارے میں شعور بیدار کرنے کے لیے سعودی عرب خطے کا پہلا ملک ہونے کے ناطے جشن کی سرگرمیوں کی میزبانی کر رہا ہے۔ مہم صحرا بندی کا مقابلہ کرنے، زمینوں کو بحال کرنے اور خشک سالی کے خلاف مزاحمت کرنے کی صلاحیت پیدا کرنے کے لیے شروع کی گئی۔

وزیر برائے ماحولیات، پانی اور زراعت انجینئر عبدالرحمٰن الفضلی نے ’’ماحولیات ہفتہ 2024‘‘ کی سرگرمیوں کے افتتاح کے موقع پر پر کہا کہ اس مہم کا آغاز زمینوں کو بحال کرنے اور خشک سالی کے خلاف مزاحمت کے مقصد سے کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ان سرگرمیوں کا اہتمام وزارت ماحولیات نے ’’اپنے ماحول کو جانیں؟‘‘ کے نعرے کے تحت کیا ہے۔ یہ عالمی یوم ماحولیات کے اعلان کی مہم ریاض میں اگلے پانچ جون کو اس کے عالمی جشن کی تاریخ تک جاری رہے گی۔

ماحولیات، پانی اور زراعت کی وزارت کے انڈر سیکرٹری ڈاکٹر اسامہ فقیھا نے کہا کہ زمین کی تنزلی اور خشک سالی کا حل تلاش کرنا ایک اجتماعی ذمہ داری ہے جس میں فیصلہ ساز، نجی شعبہ اور سول سوسائٹی کی تنظیمیں شامل ہیں۔ دنیا میں صحرا بندی اور خشک سالی کو کم کرنے کے علاوہ زرعی زمینوں کو دوبارہ آباد کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی یوم ماحولیات کی تقریب کے دوران سعودی عرب پالیسیوں اور اقدامات میں عالمی سرمایہ کاری کی فوری ضرورت کو اجاگر کرے گا۔

ان اقدامات کا مقصد فطرت کے تحفظ، زمینوں کو دوبارہ آباد کرنا اور سب کے لیے ایک پائیدار مستقبل کے حصول کے لیے قومی اور عالمی کوششوں کو متحرک کرنا ہے۔قوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کی ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر محترمہ الزبتھ مریما نے دنیا بھر میں زمینی انحطاط کو روکنے کے لیے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے انسانیت اور کرۂ ارض کے لیے تباہی کا انتباہ دیا اور کہا کہ اگلے 30 سالوں کے دوران زمین کی 95 فیصد حصہ انحطاط کا شکار ہوجائے گا۔واضح رہے عالمی یوم ماحولیات 2024 دنیا بھر میں ماحولیاتی نظام کی بحالی کے لیے اہم کام کی حمایت کرتا ہے۔ ممالک نے فطرت کی خاطر زمینوں اور سمندروں کی 30 فیصد حفاظت کے ذریعے ایک ارب ہیکٹر اراضی کو بحال کرنے کا وعدہ کیا تھا۔