پاکستان کی چار آرٹ یونیورسٹیوں کے مابین باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط

پیر 29 اپریل 2024 14:08

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) پاکستان کی چار آرٹ یونیورسٹیوں نے تعاون بڑھانے، خیالات اور سہولیات کے تبادلے میں سہولت فراہم کرنے، نصاب کی ترقی، علمی سرگرمیوں، سیکھنے اور تجربے کو بڑھانے اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے NISA کے نام سے ایک معاہده کرديا ہے ۔ شہید اللہ بخش سومرو (سيبس) یونیورسٹی آف آرٹ، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیجز جامشورو، نیشنل کالج آف آرٹس لاہور، اروڑ یونیورسٹی آف آرٹ، آرکیٹیکچر، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیج سکھر اور انڈس ویلی سکول آف آرٹ اینڈ آرکیٹیکچر کراچی کے درمیان طے پانے والا یہ تاریخی معاہده پاکستان کی چار آرٹ یونیورسٹیوں کی جانب سے اعلیٰ ترین سطح پر پہلا تاریخی سنگ میل ہے۔

سيبس یونیورسٹی جامشورو کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ارابیلا بھٹو اور وائس چانسلر اروڑ یونیورسٹی آف آرٹ سکھر پروفیسر ڈاکٹر زاہد حسین کھنڈ کے درمیان پہلی بین الاقوامی کانفرنس برائے وادی سندھ کی تہذیب اور بین المذاہب سفارت کاری کے دوران اروڑ یونیورسٹی سکھر میں مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط ہوئے۔

(جاری ہے)

مفاہمت نامے کا مقصد خیالات اور سہولیات کے تبادلے میں سہولت فراہم کرنا، نصاب کی ترقی کو بڑھانے کے لیے عملے کے اراکین کے باہمی دوروں، علمی سرگرمیاں جیسے کہ کورسز، سیمینارز، ٹریننگز، کانفرنسز اور سمپوزیم کا اہتمام کرنا اور سیمینارز، کانفرنسوں اور صنعت سے متعلقہ ورکشاپس میں شرکت کرنا ہے۔

معاهدے کے مطابق مذکوره یونیورسٹیاں انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلباء کے صنعتی اور مطالعاتی دوروں اور عملے کے ممبران کے باہمی دوروں کی سہولت فراہم کرنا بھی شامل ہے تاکہ سیکھنے اور تجربے، پیشہ ورانہ ترقی، اور نصاب کی ترقی، تعلیمی پروگراموں کے اشتراک، مشترکہ اشاعت، تحقیقی سرگرمیوں، مہارت کو فروغ دینے، صنعتوں کے کارکنوں اور عملے کے لیے درکار تربیت، کیرئیر کی ترقی اور طلباء کی نقل و حرکت اور وزٹنگ سکالر پروگرام کے مواقع فراہم کریں گی۔