تھر کی ریت کمپیوٹر چپ بنانے کیلئے موزوں ترین قرار

چپ ویفر فاونڈری منصوبے سے متعلق ابتدائی پیپر ورک تیار

پیر 29 اپریل 2024 15:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سندھ اور ماہرین نے تھر کی ریت کو کمپیوٹر چپ بنانے کیلیے موزوں ترین قرار دیدیا۔ماہرین کے مطابق تھر کی ریت سے چپ کی تہہ یعنی ویفرتیار کرکے ڈیجیٹل ورلڈ مارکیٹ کی بڑی ضرورت کو پورا کرسکتا ہے۔ محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے سلیکون چپ ویفرفاونڈری کیلیے منصوبہ وفاق اورصوبائی حکومت کو پیش کردیا ہے۔

(جاری ہے)

ماہرین کے مطابق چپ ویفربنانے کیلیے کوئلے، ریت، پانی بجلی درکار ہوتی ہے اور اس کیلیے تھرکی ریت موزوں ترین قراردی گئی ہے،250میگاواٹ درکار بجلی بھی تھرمیں مل سکتی ہے۔چپ ویفرفائونڈری اسکیم کی لاگت کا تخمینہ450ملین ڈالر کا ہوگا،جسے سی پیک منصوبے کے ذریعے مکمل کیا جاسکتاہے۔ اسلام کوٹ ضلع تھرپارکر میں مجوزہ چپ ویفرفاونڈری کیلیی150ایکڑزمین بھی موجود ہے۔محکمہ انفارمیشن ٹیکنالاجی سندھ نے چپ ویفر فاونڈری منصوبے سے متعلق ابتدائی پیپر ورک تیار کرکے متعلقہ وزارتوں کوبھیجا ہے۔