کینیڈین وزیراعظم کی خالصہ ڈے کی تقریب میں شرکت، پنجابی میں نعرے لگائے

جسٹن ٹرڈونے سکھوں کو امرتسر سے کینیڈا کے لیے پروازوں میں اضافہ کرنے کی نوید بھی سنادی

پیر 29 اپریل 2024 18:06

اوٹاوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) کینیڈا بھر میں سکھوں کی خالصتان تحریک نے زور پکڑ لیا ہے اور خالصہ ڈے کی تقریب میں کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور اپوزیشن لیڈر نے بھی شرکت کی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یورپی ملک کینیڈا میں سکھوں کی خالصتان تحریک نے زور پکڑ لیا ہے۔ اس حوالے سے گزشتہ روز انٹاریو میں خالصہ ڈے کی تقریب ہوئی جس میں شرکا نے سکھوں کے علیحدہ وطن خالصتان کے حق اور بھارتی رہنماوں کے خلاف نعرے لگائے۔

تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپوزیشن لیڈر کے ہمراہ نہ صرف شرکت کی بلکہ پنجابی میں نعرے بھی لگائے۔اس موقع پر جسٹن ٹروڈو نے سکھوں کو بیساکھی کے تہوار کے مبارک باد دی اور کینیڈا میں رہنے والے سکھ شہریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امرتسر سے کینیڈا کے لیے پروازوں میں اضافہ کرنے کی نوید بھی سنائی۔

(جاری ہے)

جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ کینیڈا بھر میں خالصہ ڈے تقریبات میں آپ کے ساتھ شریک ہیں، سکھوں کی عباد گاہوں اور کمیونٹی سینٹرز کی سیکیورٹی یقینی بنائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس تقریب میں ارکان پارلیمنٹ، میئرز، سیاسی رہنما شریک ہیں اور یہ تقریب ہم سب کو اکٹھا کرنے اور خوشی کا سبب ہے۔تقریب میں کینیڈین وزیراعظم کے سامنے شرکا نے وزیراعظم مودی سمیت بھارتی رہنماوں کے پوسٹرز اٹھا رکھے تھے اور بھارتی رہنماوں کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے انہیں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کا قاتل قرار دیا۔اس قتل کے تانے بانے اور شواہد بھارتی حکومتی اہلکاروں سے ملتے تھے اور کینیڈین وزیراعظم نے بھی اس کا برملا اظہار کرتے ہوئے سخت موقف اختیار کیا تھا۔