Live Updates

وفاقی محتسب کے ریجنل دفتر ڈی آئی خان نے آئی آر ڈی نظام کے تحت گزشتہ سال 799 مقدمات نمٹا ئے

پیر 29 اپریل 2024 18:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) وفاقی محتسب کے ریجنل دفتر ڈی آئی خان نے 2023 کے دوران انفار مل ریزولوشن ڈسپیوٹ(IRD) نظام کے تحت 799 مقدمات کو حل کیا ہے جو کہ ملک کے کسی بھی علاقائی دفتر کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے یہ بات وفاقی محتسب کے ریجنل آفس ڈی آئی خان کے سینئر انویسٹی گیشن آفیسر عمران خان نے پیر کو یہاں اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی انہوں نے بتایا کہ اپریل 2022 میں شروع ہونے والا آئی آر ڈی ایک ایسا طریقہ کار تھا جس کے تحت محتسب کا دفتر تنازعات کے حل کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی دفتر ڈی آئی خان نے گزشتہ سال 80 فیصد کامیابی کے تناسب کے ساتھ موصول ہونے والی کل 5391 رجسٹرڈ شکایات میں سے تقریباً 4961 مقدمات کو نمٹا دیا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح شکایات جمع کرنے کے واناسنٹر جو دسمبر 2022 میں قائم کیا گیا تھا، اسی عرصے کے دوران 95 فیصد کامیابی کے تناسب کے ساتھ کل 2255 رجسٹرڈ شکایات میں سے 2067 کیسز کو نمٹا دیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ دفتر عوام کو ان کی دہلیز پر سستا اور فوری انصاف فراہم کرنے کے لیے مختلف علاقوں میں کھلی عدالتیں بھی لگاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ آئندہ دو کھلی عدالتیں بالترتیب 6 اور 9 مئی کو ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پرآو اور پہاڑ پور میں لگائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ علاقائی دفتر شہریوں میں وفاقی محتسب کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے بھی اقدامات کر رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ گومل یونیورسٹی سمیت مختلف تعلیمی اداروں میں آگاہی سیمینار منعقد کیے جا رہے ہیں اور وفاقی حکومت کے مختلف محکموں کے دفاتر میں بینرز آویزاں کیے جا رہے ہیں۔علاقائی دفتر ڈی آئی خان کو ڈی آئی خان، ٹانک، بنوں، لکی مروت، جنوبی وزیرستان ،شمالی وزیرستان اور بھکر کے اضلاع سے موصول ہونے والی شکایات کا فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ عمران نے کہا کہ پبلک سیکٹر کے محکموں کی مبینہ بے ضابطگیوں اور بدانتظامی کے خلاف درج کی گئی شکایات کو 60 دنوں کے اندر حل کیا جا رہا ہے اور ہمارے نتائج کو وفاقی محتسب آفس، اسلام آباد کے ساتھ بھی شیئر کیا جا رہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات