کراچی میں گرمی کی لہر برقرار، (آج) پارہ 40تک جانے کا امکان

شہری غیرضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں اور جسم میں پانی اور نمکیات کی کمی نہ ہونے دیں،ماہرین صحت

پیر 29 اپریل 2024 22:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) شہر قائد میں گرمی کی لہر برقرار ہے، پیر کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، آج پارہ 40 ڈگری کو چھوسکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پیرکوشہرمیں گرم وخشک موسم ریکارڈ ہوا، بلوچستان کی شمال مغربی ہوائیں چلنے کے سبب دوپہر کے وقت لو کے تھپیڑے چلے تاہم ہوا میں نمی کا تناسب کم ہونے کے سبب ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیدا نہیں ہوئی۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق اگلے 3 روزکے دوران موسم گرم وخشک رہنے کا امکان ہے جس کے دوران سمندری ہوائیں غیرفعال رہنے جبکہ متوازی سمت کی گرم ہوائیں شہر پر اثرانداز ہوسکتی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج(منگل) کو شہرکا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک تجاوزکرسکتا ہے، شہرمیں گرمی کی لہرکے دوران ہیٹ ویوکا کوئی امکان نہیں ہے، پیر کو شہید بے نظیرآباد کا درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

(جاری ہے)

ماہرین صحت نے مشورہ دیاہے کہ شہری غیرضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں اور جسم میں پانی اور نمکیات کی کمی نہ ہونے دیں۔ ماہرین نے کہا کہ شہری گرمی سے بچائو کیلیے ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں، ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کریں اور دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں۔