سندھ میں آئندہ حکومت تحریک انصاف کی ہوگی،بہت ہوگیا جو ہونا تھا 8 فروری کو ہوگیا اب مزید برداشت نہیں کریں گے،حلیم عادل شیخ

اب کی بار الیکشن میں ڈاکہ ڈالنے نہیں دیا جائے گا، سندھ کی عوام جاگ چکی ہے سندھ کو زرداری مافیا سے نجات دلاکر ہی دم لیں گے،میڈیاسے گفتگو

پیر 29 اپریل 2024 22:40

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ سندھ میں آئندہ حکومت تحریک انصاف کی ہوگی، بہت ہوگیا جو ہونا تھا 8 فروری کو ہوگیا اب مزید برداشت نہیں کریں گے، اب کی بار الیکشن میں ڈاکہ ڈالنے نہیں دیا جائے گا، سندھ کی عوام جاگ چکی ہے سندھ کو زرداری مافیا سے نجات دلاکر ہی دم لیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی صدر نے کہا کہ سندھ میں کچے کے ڈاکوؤں کو پکے کے ڈاکوؤں کی حمایت حاصل ہے، اقتدار میں بیٹھے لوگ ڈاکوؤں کو اسلحہ فراہم کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنان کو اکیلا نہ سمجھا جائے جھوٹے مقدمات درج کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مشکل وقت میں کھڑے ہونے والے نمبر ون ہیں بانی پی ٹی آئی کا میسج لیکر سندھ کے نوجوانوں سے ملاقاتیں کررہے ہیں سندھ میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں یہاں کے لوگوں کو آزادی دلانے کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔