میلوڈی مارکیٹ میں قبضہ مافیا سے پارکنگ واگزارکرائی جائے

سی ڈی اے نے تجاوزات ختم کرائی دوبارہ قائم کرلی گئیں، صدر انجمن تاجراں

منگل 30 اپریل 2024 20:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2024ء) انجمن تاجران میلوڈی مارکیٹ کے صدر نے کہا ہے کہ مارکیٹ میں کار پارکنگ کا مسئلہ شدت اختیار کر چکا ہے لیکن قبضہ مافیا نے تقریباً چار کنال قیمتی زمین پر قبضہ کر کے سروس سٹیشن اور درجن بھر ورکشاپیں قائم کی ہوئی ہیں۔ سی ڈی اے انفورسمنٹ نے دو مرتبہ ایکشن لیا لیکن انہی کے اہلکاروں نے اگلے دن ہی دوبارہ تجاوزات قائم کرائی ہیں۔

جبکہ چار کنال پارکنگ کے ارد گرد دیوار بنا کر قبضہ کیا گیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سابقہ سینما کے ارد گرد درجنوں دکانیں غیر قانونی قائم کی گئی ہیں جبکہ سینما ایک متنازعہ جگہ ہے لیکن دکانیں قائم کر کے تقریباً بارہ لاکھ روپے کرایہ وصول کیا جارہا ہے۔ انہوں نے چیرمین سی ڈی اے اور ڈی جی انفورسمنٹ سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر تجاوزات - سروس سٹیشن اور غیر قانونی دکانیں ختم کرائیں اور سی ڈی اے انفورسمنٹ کے اہلکار جو تجاوزات قائم کرنے میں ملوث ہیں ان کے خلاف محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائی. اگر سی ڈی اے میلوڈی مارکیٹ میں پارکنگ کا قبضہ واگزار نہیں کرا سکتے تو ناکامی کا اعلان کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسی سے کہا ہے کہ آپ پاکستان بھر کی تجاوزات ختم کرا رہے ہیں لیکن سپریم کورٹ سے چند سو قدم میلوڈی مارکیٹ سے تجاوزات ختم کرنے کے احکامات جاری کریں۔