لیبر ڈے ہمیں محنت کشوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے حقوق کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، وزیر مواصلات بلوچستان

بدھ 1 مئی 2024 18:15

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2024ء) وزیر مواصلات و تعمیرات بلوچستان میر سلیم احمد خان کھوسہ نے یوم مزدور کے موقع پر محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن محنت کے تقدس اور وقار کی علامت ہے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج کے دن پوری قوم محنت کش طبقے کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ،ہم ملک کی ترقی و خوشحالی میں مزدوروں کے کردار اور معاونت کو سراہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اسلام سماجی انصاف، مساوات اور انسانی حقوق کے احترام کے اصولوں پر زور دیتا ہے ،وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں محنت کشوں کے کام کرنے اور حالات زندگی بہتر بنانے کےلئے پر عزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دن ہمیں محنت کشوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، مزدوروں نے اپنے حقوق کے لیے انتھک جدوجہد اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، یہ دن نہ صرف محنت کے تقدس اور وقار کی علامت ہے بلکہ ملکی معاشی ترقی میں مزدوروں اور محنت کشوں کی اہمیت کا اعتراف ہے۔

(جاری ہے)

وزیر مواصلات نے کہا کہ آج کے دن ہم محنت کش طبقے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اللہ اور رسول ﷺ کا حکم ہے کہ مزدوروں کے حقوق کو اہمیت دیں، اسلام نے عالمی لیبر قوانین کے نفاذ سے بہت پہلے ہی مزدوروں کے حقوق بارے اصول طے کر دیے تھے۔\932