جب بھی ملک کو خطرات کا سامنا ہوا، پاک فوج نے قربانیوں کی لازوال داستان رقم کی، انجینئر امیر مقام

وطن عزیز کی حفاظت کے لیے قربانیاں دینے والے شہدا کو پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے،شہید اعظم خان کے اہل خانہ سے تعزیت کے موقع پر گفتگو

بدھ 1 مئی 2024 21:35

شانگلہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ جب بھی ملک کو خطرات کا سامنا ہوا، پاک فوج نے قربانیوں کی لازوال داستان رقم کی، وطن عزیز کی حفاظت کے لیے قربانیاں دینے والے شہدا کو پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ وہ بدھ کو یہاں ،شہید اعظم خان کے اہل خانہ سے تعزیت کے موقع پر گفتگوکر رہے تھے ۔

وفاقی وزیر نے الوچ پورن میں پاک فوج کے شہید ہونے والے جوان اعظم خان کی قبر پر پارٹی قائد محمد نوازشریف، وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کی جانب سے خصوصی طور پر شہید کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور انکے قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔وفاقی وزیر نے شہید کی درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اور سوگواران کی صبر جمیل کیلئے دعا کی۔

(جاری ہے)

انجینئر امیر مقام نے شہید جوان کے اہل خانہ سے تعزیت بھی کی۔انہوں نے کہا کہ جب بھی ملک کو اندرونی اور بیرونی خطرات کا سامنا ہوا، پاک فوج نے نہ صرف ملک و قوم کی خدمت کی بلکہ قربانیوں کی لازوال داستان رقم کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وطن کی حفاظت کے لیے قربانیاں دینے والے شہدا کو پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔انجینئر امیر مقام نے سوگوار خاندان کو ذاتی طور پر مالی امداد بھی دی۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہید کی روح کو جنت الفردوس میں جگہ دے۔