دن منانے کے بجائے مزدوروں کا استحصال بند کیاجائے،حافظ احمدعلی

مزدوروں کے مسائل صرف ایک دن منانے سے حل نہیں ہوں گے،رہنما جے یو آئی رابطہ

جمعرات 2 مئی 2024 21:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2024ء) جمعیت علماء اسلام پاکستان (رابطہ )کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل حافظ احمدعلی اور جے یوآئی یوتھ ونگ سندھ کے صدر رانامحمدصابر نے مطالبہ کیاہے کہ مزدوروں کا دن منانے کے بجائے مزدوروں کا استحصال کرنے والوں کا احتساب کیاجائے، مزدوروں کے مسائل صرف ایک دن منانے سے حل نہیں ہوں گے، وفاقی حکومت مزدوروں کی کم از کم اجرت ساٹھ ہزار روپے مقرر کرے۔

انہوں نے کہاکہ سرمایہ دار طبقہ اول روزسے مزدوروں ،غریبوں اور کسانوں کا استحصال کررہا ہے ،یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ قیام پاکستان سے اب تک کسی بھی حکومت نے محنت کشوں کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات نہیں کئے ،جس کی وجہ سے غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہوتا جارہاہے ،وقت کی ضرورت ہے اب مزدوروں کا استحصال کرنے والوں کا محاسبہ کرنا ہوگا بصورت دیگر یوم مزدورمنانے کا کوئی فائدہ نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت مزدوروں اور محنت کشوں کے بچوں کو مفت تعلیم کی سہولیات فراہم کرے۔ وفاقی حکومت کی ناقص پالیسی کی وجہ سے محنت کش طبقہ مزید مشکلات کا شکارہورہا ہے۔ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہو گئی ہے۔بیروزگاری کی وجہ سے نوجوان طبقہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہورہاہے، مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ حکومت غریبوں اور مزدوروں کو انکے بنیادی حقوق دینے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوچکی ہے،موجودہ ترقی یافتہ دورمیں بھی پاکستان کا محنت کش طبقہ مشکلات کا شکار ہے،دووقت کی روٹی کے حصول میںبھی پریشانی ہو رہی ہے۔ حکمرانوں کو چاہئے کہ اسلامی نظریاتی مملکت کو اسلام کے نظریات کے مطابق چلائیں۔