سندھ فوڈ اتھارٹی فوڈ سیفٹی کے معیارات پر عمل درآمد کرانے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعاون کرے گی ، آغا فخر حسین

جمعرات 2 مئی 2024 22:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2024ء) ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے این ای ڈی یونیورسٹی کے فوڈ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے زیر اہتمام خوراک کے ابھرتے ہوئے رجحانات پر پہلی بین الاقوامی کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوڈ سیفٹی کے معیارات پر عمل درآمد کرانے کے لئے سندھ فوڈ اتھارٹی تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعاون کرے گی۔

انہوں نے فوڈ انجنئیرنگ کے شعبے میں این ای ڈی یونیورسٹی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور اس موقع پر این ای ڈی یونیورسٹی کے شعبہ فوڈ انجینئرنگ میں ڈسٹرکٹ فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد تحقیقی تعاون کو بڑھانا اور پاکستان میں فوڈ پروسیسنگ کے شعبے کو نمایاں کرنا ہے۔

(جاری ہے)

فوڈ انڈسٹری میں ابھرتے ہوئے رجحانات اور چیلنجوں جیسے پائیداری اور شفافیت سے نمٹنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے معیار اور حفاظت کے اعلی ترین معیارات کو برقرار رکھنے کے لیے یونیورسٹی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے اپنے عزم کا اظہار کیا ۔

ڈائریکٹر جنرل نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (مصنوعی ذہانت) اور روبوٹکس جیسی جدید ٹیکنالوجیز کے امکانات پر زور دیاتاکہ فوڈ پروسیسنگ میں کارکردگی کو بہتر کیا جاسکے اور بدلتے ہوئے حالات کے مطابق خود کو ڈھالا جاسکے۔ آخر میں ڈائریکٹر جنرل نے سندھ فوڈ اتھارٹی کے یونیورسٹی کے فوڈ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ تعاون کے عزم کا اعادہ کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ہم اپنے بچوں کو ایک ایسا مستقبل دیں جہاں محفوظ، پائیدار، اور غذائیت سے بھرپور خوراک تک سب رسائی کی ہو۔

متعلقہ عنوان :