گورنر سندھ کا سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کا دورہ

تاجر برادری کے الفاظ میرے لئے اعزاز ہے ۔ہم سب نے مل کر کام کرنا ہے ،تقریب سے خطاب

جمعرات 2 مئی 2024 21:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2024ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کا دورہ کیا ۔ پیٹرن ان چیف سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری محمد زبیر موتی والا ، چیف کوآرڈینیٹر سلیم پاریکھ، صدر محمد کامران عربی، مجید عزیز اور ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے گورنر سندھ کا استقبال کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ گزشتہ 20 سالوں سے یہی باتیں سنتے آرہاہوں،حالات بدلے نہیں ہیں،پرانے نظام سے حالات تبدیل نہیں ہوسکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ لوگوں کے الفاظ میرے لیے اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیورو کریسی کا ڈیزائن مسائل کے حل میں رکاوٹ ہے،بیورو کریسی کا متعلقہ فیلڈ میں اسپیشلائزیشن ہونا ضروری ہے،ہم پریزنٹیشن پر یقین رکھتے ہیں امپلی ٹیشن نہیں ہے،ہم نے ہمت نہیں ہارنی،ہمیں اپنے حق کی بات کرنے کی ضرورت ہے،حق کی بات نہ کرسکے تو سب بیکار ہے،صحیح چیزوں کے لیے اواز اٹھانی ہے،سب کو مل کر آنے والی نسلوں کے لیے سوچنا ہوگا،اپنے ساتھ ساتھ پاکستان کی عزت کا بھی خیال رکھنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں فرد نہیں قوم بننا ہے،مل کر ایک دوسرے کی مدد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس سے ساڑھے چار لاکھ لوگوں نے راشن لیا ہے،ایک ملین لوگوں کو آئی ٹی کورسز کروائیں گے،اس کے ذریعی, 12 بلین ڈالر لا سکتے ہیں،روزگار اسکیم لا رہے ہیں، بیل آف ہوپ کے ذریعے ہزاروں لوگوں کو روزگار فراہم کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اچھے کاموں کے لیے ارادہ اور نیت چاہئے جو بھی مسائل ہیں انہیں حل کرنے کے مل بیٹھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ون بائی ون کام کریں گے،ہم مثالیں قائم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ ارب روپے مالیت کا راشن تقسیم کیا ہے،آئی ٹی فیکلٹی کا خرچہ سوا کروڑ ماہانہ ہے۔ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ اچھے ادمی ہیں مل بیٹھ کر مسائل حل کروائیں گے۔ایک اور سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ لیبر ڈے کے موقع پر گورنر ہاؤس سے دس ہزار مزدوروں کو راشن دیا گیا،آپ نے اپنے لیے نہیں لوگوں کے لیے کچھ کرنا ہے۔

سائٹ آفس میں اجلاس کے آغاز پر تاجر رہنماؤں زبیر موتی والا،سلیم پاریکھ،جاوید بلوانی نے گورنر سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اپ کو عوام دوست گورنر کہوں گا۔آپ نے ثابت کردیا کہ آپ عوامی گورنر ہیں۔سندھ کی تاریخ میں ایسا گورنر نہیں آیا۔آپ نے ریکارڈ کام کروائے۔ وہ کام کر دکھائے جس کے بارے میں ہم باتیں ہی کرتے ہیں۔ہماری دعا ہے آپ کنٹی نیو کریں۔ آپ عوام دوست کے ساتھ ساتھ تاجر دوست گورنر بھی ہیں۔