Live Updates

ڈی جی لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی سربراہی میں پی ایل آر اے کے وفد کاایل ڈی اے آفس کا دورہ

ہفتہ 4 مئی 2024 21:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2024ء) ڈی جی لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کیپٹن (ر)اکرام الحق کی سربراہی میں پی ایل آر اے کے وفد نے گزشتہ روز ایل ڈی اے آفس جوہر ٹاؤن کا دورہ کیا۔وفد کو ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی طاہر فاروق نے ایل ڈی اے کی ورکنگ بارے بریفنگ دی۔اجلاس میں ایل ڈی اے اور پی ایل آر اے کے سسٹم کو انٹیگریڈ کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈائریکٹر جنرل لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کیپٹن (ر)اکرام الحق اور ان کی ٹیم نے ڈی جی ایل ڈی اے کو لینڈ ریکارڈ سسٹم بارے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایل آر اے پورٹل کے ذریعے پورے پنجاب میں پراپرٹی ٹرانسفر کو ایک پورٹل سے منسلک کیا جارہا ہے۔ پی ایل آراے کے سسٹم سے منسلک ہونے سے شہریوں کو پراپرٹی ٹرانسفر کرنے میں آسانی اور سہولت ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

آن لائن پورٹل میں پلاٹ خریدنے اور بیچنے والے کا مکمل ریکارڈ اور جیو ٹیگنگ کاریکارڈبھی موجود ہوگا۔شہریو ں کو پی ایل آر اے کے پورٹل سے آن لائن واجبات، ٹیکسیزجمع کروانے، نادرا ویریفیکیشن سمیت دیگر سہولیات میسر ہو رہی ہیں۔ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا کہ پی ایل آر اے ٹیم کے تجربات اور ورکنگ سے فائدہ اٹھائیں گے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ایل ڈی اے کو ڈیجیٹلائزڈ کرنے جا رہے ہیں۔

ایل ڈی اے نے 10سکیموں کی شفٹنگ مکمل کر کے ریکارڈ کو ڈیجیٹلائزڈ کر دیا ہے۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا کہ ریکارڈ کی ڈیجٹیلائزیشن کے بعد اب شفٹٹنگ پر کام دن رات جاری ہے۔تمام ریکارڈ کمپیوٹر ائزڈ ہونے سے پراپرٹی ٹرانسفر کا کام آسان ہو جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں ادارے ایک دوسرے کی معاونت کریں گے اور تجربات سے مستفید ہونگے۔ بعد ازاں وفد نے ڈی جی ایل ڈی اے طاہر کے ہمراہ ریکارڈ شفٹنگ سیل کا بھی دورہ کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جی ہاؤسنگ اویس مشتاق، ڈائریکٹر آئی ٹی عبدالباسط قمر،ڈائریکٹر ڈی جی ہیڈ کوارٹرز اور متعلقہ افسران کی شرکت۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات