ہاتھ سے بنے قالینوں کی 40ویں تین روزہ عالمی نمائش اکتوبر میں لاہور میں منعقد ہو گی‘ عثمان اشرف

ًامید ہے ٹڈیپ سمیت تمام متعلقہ ادارے نمائش کی کامیابی کیلئے بھرپور مالی ،تکنیکی معاونت فراہم کریں گے سینئر وائس چیئرمین کی زیر صدارت اجلاس ، عثمان اشرف نے حالیہ دورہ امریکہ کے حوالے سے بھی آگاہ کیا

اتوار 5 مئی 2024 17:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2024ء) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے کہا ہے کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی 40ویں تین روزہ عالمی نمائش رواں سال اکتوبر کے دوسرے ہفتے لاہور میں منعقد ہو گی،مختلف ممالک سے غیر ملکی خریداروں کی بڑی تعداد میں آمد کے پیش نظر یہ ایک بڑا ایونٹ ہوگا اور ہم پر امید ہیں کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان سمیت تمام متعلقہ ادارے کامیابی کیلئے بھرپور مالی اور تکنیکی معاونت فراہم کریں گے ، حکومت سے اپیل ہے کہ برآمدات کے فروغ اور دیرینہ مسائل کے حل کیلئے ہماری تجاویز کو آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حصہ بنایا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایسوسی ایشن کے دفتر میں ساتویں زونل کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان، سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سینئر ممبر ریاض احمد،میجر (ر) اختر ، سعید خان اور فیصل سعید خان سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ وائس چیئرمین عثمان اشرف نے اجلاس کے شرکاء کو اپنے حالیہ دورہ امریکہ میںپاکستانی قالینوں کے خریداروں سے ہونے والی ملاقاتوں کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا ۔

اجلاس میں رواں سال لاہور میں 40ویں عالمی نمائش کی تاریخ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اوراکتوبر کے دوسرے ہفتے میں نمائش کے انعقاد کی تجویز پر اتفاق رائے پایا گیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گزشتہ سال کی طرح امسال بھی چین ،امریکہ، برطانیہ، ہنگری، ترکی سمیت دیگر ممالک کے خریداروں کو عالمی نمائش میں شرکت کی دعوت دی جائے گی ،نمائش کی کامیابی کیلئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان سمیت دیگر متعلقہ اداروں سے موثر رابطے کئے جائیں گے اور قوی امید ہے کہ حکومتی ادارے برآمدات کے فروغ کے تناظر میں عالمی نمائش کی بھرپور سرپرستی کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کی عالمی نمائش کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے یہ نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ رواں سال منعقد ہونے والی عالمی نمائش میں بھی غیر ملکی خریداروں کی جانب سے وسیع پیمانے پر معاہدے کئے جائیں گے جس سے ہماری صنعت کو تقویت ملے گی۔عثمان اشرف نے کہا کہ عالمی نمائش کی تیاریوں کے حوالے سے باضابطہ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی اور اس کے ساتھ ساتھ غیر ملکی خریداروں سے رابطوں کے لئے بھی موثر حکمت عملی مرتب کریں گے ،ہم توقع کر رہے ہیں کہ نمائش میں نئے ممالک سے بھی خریدار شریک ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کارپٹ ایسوسی ایشن عالمی نمائش کی بھرپور کامیابی کیلئے پر عزم ہے اور ایسوسی ایشن کے تمام ممبران اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کریں گے ۔انہوںنے مزید کہا کہ حکومت یہ تسلیم کرتی ہے کہ برآمدات کو فروغ دئیے بغیر ہماری معیشت ترقی نہیں کر سکتی جبکہ دوسری جانب اسٹیٹ بینک سمیت دیگر حکومتی ادارے برآمدات کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں ۔ پی سی ایم اے کے پلیٹ فارم سے دیرینہ مسائل کے حل اور برآمدات کے فروغ کیلئے جامع تجاویز ارسال کر چکے ہیں ، اپیل ہے حکومت ہماری تجاویز کو آئندہ مالی سال کی بجٹ دستاویز کا لازمی حصہ بنائے ۔