صو بائی وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدا رت سندھ کول اتھارٹی کا اعلی سطحی اجلاس

اتوار 5 مئی 2024 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2024ء) صو بائی وزیر توانائی، منصوبہ بندی و ترقیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدا رت سندھ کول اتھارٹی کا اعلی سطحی اجلاس منعقد ہواجس میں تھرکول بلاک ٹو کے کوئلہ کے سیمپل کی سائوتھ افریقہ سے حاصل شدہ رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق صو بائی وزیر توانائی نے کہا کہ سائوتھ افریقہ کے ماہرین کے مطابق کوئلہ گیسی فیکشن کیلئے انتہائی موزوں قرار دیا گیا ہے،کوئلے سے کھاد گیس اور ڈیزل حاصل کیا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تھر کا کوئلہ گیسی فیکشن کے ذریعے پاور جنریشن کے لیے موزوں ترین اور بہترین قرار دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ توانائی سندھ کول اتھارٹی کے ماہرین افسران پر مشتمل وفد چائنہ بھجوایا جائے گا،سندھ کول اتھارٹی کا وفد چائنہ کے جدید گیسی فیکشن پلانٹ کا جائزہ لے گا کہ گیسی فیکشن کا عمل معاشی و کمرشل بنیادوں پر موزوں ہے یا نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ وفد ٹیکنالوجی کی منتقلی کے حوالے سے بھی جائزہ لے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گیس فیکشن کی صوبائی سطح پر پالیسی کے حوالے سے وزیر توانائی ناصر شاہ درپیش مسائل پر وفاق سے رابطہ کریں گے ۔اس موقع پر سیکرٹری انرجی ڈیپارٹمنٹ کاظم علی جتوئی اور ڈی جی سندھ کول اتھارٹی حق نواز شر نے اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دی ۔اجلاس میں سیکرٹری انرجی ڈیپارٹمنٹ کاظم علی جتوئی ،ڈائریکٹر جنرل سندھ کول اتھارٹی حق نواز شر اور ڈپٹی ڈائریکٹر آصف منگی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔