پنجاب پولیس کا منشیات کی روک تھام کیلئے کریک ڈائون جاری

پیر 6 مئی 2024 14:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2024ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر منشیات کی لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے کریک ڈائون جاری ہے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی ڈرگ فری پنجاب مہم کے ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی گئی ہے۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے 289 ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایاکہ منشیات کے گھنائونے کاروبار میں ملوث 127 ملزمان گرفتار کر لئے گئے، 127 مقدمات درج کئے گئے۔ملزمان کے قبضے سے 57 کلو چرس، 03 کلو ہیروئن، 1325 لٹر شراب برآمد کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ26 فروری سے جاری خصوصی مہم کے دوران منشیات فروشوں کے اڈوں پر 20015 چھاپے مارے گئے، گھنائونے کاروبار میں ملوث ملزمان کے خلاف 9334 مقدمات درج کئے گئے جبکہ، 9845 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملزمان کے قبضے سے 6342 کلو چرس، 109 کلو گرام ہیروئن ، ساڑھے 34 کلو آئس ، 218 کلو افیون، 123152 لٹر شراب بھی برآمد کی گئی۔اس حوالے سے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ منشیات کی سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو بے نقاب کرکے قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ ڈرگز کے خلاف آگاہی مہم میں والدین، اساتذہ اور سول سوسائٹی سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے۔