چوہدری یاسین کا ایکشن کمیٹی کے احتجاج کو روکنے کیلئے حکومت کی جانب سے طاقت کے استعمال کی تیاریوں پر اظہارتشویش

پیپلزپارٹی جائز حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کرنیوالے شہریوں کو احتجاج سے روکنے کیلئے کسی فورس کے استعمال کی حمایت نہیں کرسکتی ، صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر

پیر 6 مئی 2024 18:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2024ء) صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر و رکن قانون ساز اسمبلی چوہدری محمد یسین نے ایکشن کمیٹی کی جانب سے ۱۱ مئی کے احتجاج کو روکنے کیلئے حکومت کی جانب سے طاقت کے استعمال کی تیاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اپنے جائز حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کرنے والے شہریوں کو احتجاج سے روکنے کیلئے کسی بھی فورس کے استعمال کی حمائیت نہیں کرسکتی ہم بے شک مخلوط حکومت کا حصہ لیکن طاقت کے کسی بھی طرح کے استعمال کی حمایت نہیں کریں گے آزاد کشمیر ایک حساس خطہ ہے اس لیے حکومت آزادکشمیر ایکشن کمیٹی کے ساتھ افہام و تفہیم اور مزاکرات کے زریعے احتجاج کی کال کو مؤخر کرانے کیلئے درمیانی راستہ تلاش کرے صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں آزادکشمیر میں بگڑتی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری منزل پاکستان ہے اور کشمیری عوام پہلے پاکستانی اور پھر کشمیری ہیں پاکستان کیلئے کشمیری آج تک اپنے خون سے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان کیلئے تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت کی تھی اورآج بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام عظیم دھرتی پاکستان کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں ہم ایکشن کیٹی کے احتجاج کی آڑ میں کشمیریوں اور پاکستان کے درمیان لازوال رشتے کو کمزور کرنے کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے عوامی ایکشن کمیٹی کے جائز مطالبات کو تسلیم کیا جائے نہ کہ ان کی آواز کو دبانے کیلئے لاٹھی گولی کا سہارا لیا جائے اس عمل سے مقبوضہ کشمیر کی عوام کو کیا پیغام دیا جارہا ہے کہ آزادکشمیر میں لوگ اپنے حقوق کیلئے سڑکوں پر آئیں اور ان پر لاٹھیاں برسائی جاتی ہیں ایسے غیر زمہ دارانہ فعل سے تحریک آزادی کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان کا اندیشہ ہے چوہدری محمد یسین نے کہا احتجاج کی کال سے پہلے ہی حکومت آزادکشمیر کو ایکشن کمیٹی کے مطالبات پر سنجیدگی دکھانی چاہئے تھی اور جو ممکن تھا ان مطالبات پر معاہدے کے مطابق عمدرآمد کیا جاتا تو آج حالات اس نہج پر نہ پہنچتے لیکن افسوس حکومت نے ایسا نہیں کیا انھوں نے کہا کہ وفاق پاکستان اور آزادکشمیر کے درمیان فاصلے پیدا کرنے والے عناصر کی سرکوبی کرنا وقت کی ضرورت ہے پاکستان پیپلزپارٹی ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کرنے اور ریاست کے مفاد کی خاظر ہر طرح کی قربانی دینے لو تیار ہے۔