ادھم پور میں نوجوان کی ہلاکت کے خلاف احتجاج

پیر 6 مئی 2024 18:15

جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2024ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور میں ایک نوجوان پراسرارطورپر دریائے توی میں ڈوب کر ہلاک ہوگیا جس کے خلاف اس کے اہل خانہ سمیت مقامی لوگوں نے احتجاج کیا اورالزام لگایاکہ اسے قتل کردیا گیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق احتجاجی مظاہرین نے ضلع میں دھر روڈ کو بند کر دیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق مذکورہ نوجوان جس کی شناخت20سالہ اکھل کمار کے نام سے ہوئی ہے، دو دیگر ساتھیوں کے ساتھ دریائے توی سے ریت نکالنے گیا تھا جب یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا، اکھل کمار جو ٹریکٹر ڈرائیو تھا اور اس کے دو ساتھی دریا میں نہا رہے تھے کہ اس کا پیر اچانک پھسل گیا اوروہ گہرے پانی میں ڈوب گیا۔تاہم اس کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اکھل کمار کو قتل کیا گیا ہے۔ انہوں نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔پوسٹ مارٹم کے بعد لاش آخری رسومات کے لیے اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی۔