بلا جواز موبائل سٹیٹس بلاک کرنے کیخلاف احتجاج کا اعلان

ایک ہفتے کے اندر یہ سلسلہ نہ روکا گیا تو ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی ‘ مجیب الرحمن

بدھ 8 مئی 2024 20:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2024ء) پشاور کینٹ موبائل مارکیٹ کے عہدیداران نے پی ٹی اے کو خبردار کیا ہے کہ اگر ایک ہفتے کے اندر موبائل سیٹس بلا جواز بلاک کرنے کا سلسلہ نہ روکا گیا تو پشاور بھر کے موبائل شاپ اونرز احتجاجاً سڑکوں پر نکلیں گے جسکی تما م تر نتائج کی ذمہ داری پی ٹی اے حکام پر عائد ہوگا، پشاور پریس کلب میں بدھ کو تاجر اتحاد خیبر پختونخوا کے صدر مجیب الرحمن کی قیادت میں موبائل فون ایسوسی ایشن کے صدر فضل حیات، ملک سمیع، شہزاد احمد اور دیگر عہدیداروں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی اے نے ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے، ٹیکس ادائیگی کے باوجود موبائل فونز کو بلاک کرنا کاروباری طبقے کو بیروزگار کرنے کی سازش ہے، انہوں نے کہا کہ موبائل فون کے کاروبار سے وابستہ تاجر پی ٹی اے کی جانب سے فراہم کردہ ایپ 8484فی سیٹ ہزاروں روپے بطور ٹیکس ادائیگیاں کرچکے ہیں لیکن اسکے باجود پی ٹی اے بلا جواز موبائل فونز کو بلاک کر رہا ہے، تاجر رہنماوں نے کہا کہ ہم ٹیکس کے خلاف نہیں لیکن پی ٹی اے واضح کرے کہ ہزاروں لاکھوں بطور ٹیکس ادا کرنے کے بعد بھی موبائل فونز کو بلاک کرنے کا کیا جواز ہے، مجیب الرحمن نے کہا کہ پشاور کے مختلف موبائل مارکیٹوں میں ہزاروں افراد کا روزگار اس کاروبار سے وابستہ ہے،پی ٹی اے کے اقدام سے پشاور شہر میں بیروزگاری میں اضافہ ہوگا، جس کے نتیجے میں جرائم کی شرح میں بھی اضافہ ہوگا، موبائل تاجروں کا کہنا تھا کہ پی ٹی اے نے ہمیں ایپ دیا تھا کہ چیک کریں،اسی ایپ کی بنیاد پر ہم نے سرمایہ لگایا،اج ہمیں کہا جارہا ہے کہ آپ نے ٹیکس نہیں ادا کیا ہے،یہ ہمیں قبول نہیں،ہمارے مجبوریوں کا ناجائز فایدہ نہ اٹھایا جائے اور ہمیں کاروبار کرنے دیا جائے۔

(جاری ہے)

حکومتی ادارے کا تیار کردہ ایپ کے زریعے ہم نے ہر موبائل سیٹ پر ہزاروں ٹیکس ادا کیا ہے،لیکن ایک بار پھر ہم سے ٹیکس کی ادائیگی کا مطالبہ کیا مطلب رکھتا ہی تاجروں نے اعلان کیا کہ اگر ایک ہفتے کے اندر پی ٹی اے نے مسئلے کا حل نہ نکالا تو پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے تمام تاجر جو اس کاروبار سے وابستہ ہیں، سڑکوں پر نکل کر شدید احتجاج کرینگے۔