تھیلیسیمیا کے مریض ہماری خصوصی محبت اور حوصلہ افزائی کے مستحق ہیں، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

پارلیمان تھیلی سیمیا میں مبتلا مریضوں کا معیار زندگی بہتر بنانے اور مرض کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں، پیغام

بدھ 8 مئی 2024 20:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2024ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ تھیلی سیمیا کے مرض کے پھیلنے کی ایک بڑی وجہ خاندان میں ہونے والی شادیاں ہیں، شادی سے پہلے تھیلی سیمیا کے حوالے سے بلڈ ٹیسٹ کے ذریعہ تشخیص کر کے بڑی مشکلات سے بچا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کو تھیلیسیمیا کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج کا دن تھیلی سیمیا کے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے، تھیلی سیمیا ایک موروثی مرض ہے جس سے بچائو ممکن ہے، اس مرض میں مبتلا بچوں کی زندگی خون کے قطرے قطرے کی محتاج رہتی ہے، پارلیمان تھیلی سیمیا میں مبتلا مریضوں کا معیار زندگی بہتر بنانے اور مرض کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تھیلی سیمیا میں مبتلا مریض ہماری خصوصی محبت اور حوصلہ افزائی کے مستحق ہیں۔سپیکر نے تمام سٹیک ہولڈرز کی مدد سے پاکستان کو تھیلی سیمیا فری ملک بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے مریضوں کیلئے زیادہ سے زیادہ خون کے عطیات دینے کی اپیل بھی کی۔