مختلف مکاتب فکر کے جید علما ئے کرام اور اقلیتی برادری کا جناح ہائوس کا دورہ

قائد کے گھر کو جلانے ،شہدا ء کی بے حرمتی کرنے والے کسی معافی کے مستحق نہیں‘ گفتگو

جمعرات 9 مئی 2024 17:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2024ء) مختلف مکاتب فکر کے جید علما ئے کرام اور اقلیتی برادری نے جناح ہائوس کا دورہ کیا ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علما ئے کرام نے کہا کہ آج کے روز نا صرف سانحہ 9 مئی کی مذمت کرتے ہیں،بلکہ پاک فوج کوخراجِ تحسین بھی پیش کرتے ہیں کہ صبرکامظاہرہ پیش کرتے ہوئے پاکستان کو تباہی سے بچایا اور دشمن کے منصوبے کو ناکام بنایا گیا۔

بلاشبہ 9مئی کے دن کو بدقسمتی سے تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا کہ جس روز شرپسندوں نے وہ کام کیاجسے بھارت جیسا دشمن ملک بھی نا کرسکا۔دورہ کرنے والے وفد کا کہنا تھاکہ جو لوگ اعلانیہ انتشار پھیلاتے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح کے گھر کو جلانے آئے اورشہدا ء کی بے حرمتی کی وہ کسی معافی کے مستحق نہیں۔

(جاری ہے)

ہندو برادری کے مذہبی رہنما بھگت لال نے کہا کہ ہم مذمت کے ساتھ ساتھ مطالبہ کرتے ہیں کہ پکڑے جانے والے شرپسندوں کو سزا دی جائے،آج پاک فوج ہی کی وجہ سے اقلیتی برادری پاکستان میں سکھ کا سانس لے کر آزادی سے جی رہی ہے۔

پاکستان کرسچن الائنس کے رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان کی مسیحی برادری ہمیشہ پاکستان افواج کے ساتھ کھڑے رہے گی،ہم پاک فوج کے سربراہ اور چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جو اس سانحہ کے ذمہ دار ہیں انہیں کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔