مولانا امین انصاری کی اپیل پر9مئی کو یوم یکجہتی افواج پاکستان منایاگیا

جمعرات 9 مئی 2024 18:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2024ء) متحدہ علماء محاذ پاکستان و دفاع افواج پاکستان فورم کے بانی سربراہ مولانا محمدا مین انصاری کی اپیل پر آج 9مئی کو یوم یکجہتی افواج پاکستان جوش و جذبے کے ساتھ منایاگیا۔ اس موقع پر مختلف مکاتب فکر کے جید علماء مشائخ نے شہدائے افواج پاکستان کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ علماء نے کہا کہ 9مئی کا سانحہ اسلام و ملک دشمن بھارتی ،امریکی ، اسرائیلی و استعماری سازشوں کا حصہ تھا کوئی بھی محب اسلام ،محب وطن ، قانون و امن پسند شہری فوجی اداروں ،دفاعی تنصیبات ، قومی اثاثوں کو نقصان پہنچانے کا تصور بھی نہیں کرسکتا۔

سانحہ9مئی کے ذمہ دار و سہولت کار قومی مجرم ہیں جو کسی بھی رورعایت کے مستحق نہیں ہیں ان کو بلاامتیاز و بلاتاخیر قانون کے مطابق سزائیں دی جائیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کی تاریخ میں ایسا بدترین سانحہ کبھی رونمانہیں ہوا جس میں فوجی و قومی تنصیبات کو اس طرح کھلے عام دہشت گردی کا نشانہ بنایاگیاہو۔ افواج پاکستان پوری قوم کا فخر و سرمایہ ہیں۔ افواج پاکستان کے خلاف اندرونی و بیرونی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

علماء مشائخ پاکستان کے غیور مجاہدین افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہیں۔مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں منعقدہ سیمینار سے علامہ عبدالخالق فریدی سلفی،علامہ مرزایوسف حسین، شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد دائود، علامہ پروفیسر ڈاکٹر سید شمیل احمد قادری حنبلی، علامہ ڈاکٹر مفتی عبدالغفور اشرفی، علامہ عبدالماجد فاروقی،علامہ سید سجادشبیررضوی، علامہ مفتی روشن دین الرشیدی، علامہ عبدالوحید نورانی، مفتی شبیر احمد، مفتی اسدالحق چترالی،مولانا قاری محمد اقبال رحیمی و دیگر نے خطاب کیا۔