سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی نو مئی واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت

پارلیمان کی بالادستی اور جمہوری رویوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، اسپیکر قومی اسمبلی نوجوانوں کو اداروں کے خلاف اکسانے کے بجائے ان کی صلاحیتوں کو ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے برائے کار لانے کی ضرورت ہے، سردار ایاز صادق

جمعرات 9 مئی 2024 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2024ء) اسپیکر قومی سردار ایاز صادق نے 9 مئی واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ میں یوم سیاہ کے طور پر قوم کو یاد رہے گا،شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں ان کے لواحقین سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔9مئی کو سیاسی طور پر مشتعل ہجوم نے ملک بھر میں کہرام مچا کر ملک دشمنی کا ثبوت دیا،مشتعل ہجوم نے شہداء کے مجسموں کی بے حرمتی کی سرکاری و نجی املاک ، فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچایا جس سے پوری دنیا میں ملک کا تشخص بری طرح متاثر ہوا۔

پرتشدد واقعات کے ذریعے نا صرف پاکستان کے دشمنوں کے مفادات کی تکمیل کی گئی بلکہ ریاستی رٹ کو چیلنج کیا اور اداروں کے خلاف تضحیک آمیز رویہ اپنایا گیا۔ 9 مئی قانون کی حکمرانی اور اداروں کو کمزور کرنے کی منظم سازش تھی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 9 مئی کو ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر اپنے جاری پیغام میں کیا۔ اسپیکر نے کہا کہ پر امن احتجاج اور تعمیری تنقید جمہوریت کی اصل روح ہوتی ہے۔

آئین ِپاکستان میں اجتماع اور اظہار رائے کے بنیادی حقوق میسر ہیں۔احتجاج کے نام پر پرتشدد سرگرمیوں کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جا سکتا۔اسپیکر نے پاکستان کی مسلح افواج اور اداروں پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج مختلف خطرات سے قوم کو نجات دلانے میں مصروف ہے۔9 مئی کو تشدد کے ذمہ داران کو قانون کے مطابق جوابدہ ہونا چاہیی.پاکستان کو پہلے ہی متعدد چیلنجز کا سامنا ہے ،ملک کے خلاف ہونے والی سازش کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

سیاسی قوتوں کے غیر ذمہ دارانہ عمل اور رویے ملک و قوم کی ترقی میں رکاوٹ بنتے ہیں۔سپیکر نے موجودہ سیاسی صورتحال میں تمام سیاسی جماعتوں پر رواداری ، جمہوری اقدار کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام جماعتوں کو سیاسی مذاکرات، قوم کی درست سمت میں رہنمائی کیلئے کام کرنا ہو گا۔سیاسی جماعتیں، پارلیمنٹ، میڈیا اور سول سوسائٹی مل کر جمہوریت کی مضبوطی کے لیے کردار ادا کریں۔

پارلیمان کی بالادستی اور جمہوری رویوں کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ریاستی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر بدنیتی پر مبنی مہم انتہائی افسوسناک ہے۔جھوٹ پر مبنی مہم کے سدباب، حوصلہ شکنی کیلئے طریقہ کار وضع کرنا ناگزیر ہے۔نوجوانوں کو ریاستی اداروں کے خلاف اکسانے کی بجائے صلاحیتوں کو ملکی مفاد میں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔بہتر مستقبل، سیاسی تقسیم اور نفرت ختم کرنے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔

ملک کی معاشی ترقی سیاسی استحکام سے جڑی ہوئی ہے۔افراتفری، انتشار اور شرانگیز اقدامات ملک کی ترقی میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔مذموم مقاصد کیلئے ایک پارٹی اور شخص نے ملک کو داو پر لگا دیا۔پاکستان کا بہتر مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے۔نوجوان مثبت سوچ اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے کردار ادا کریں۔پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کسی صورت قابل قبول نہیں۔کسی بھی مسئلہ کا حل بات چیت اور پارلیمنٹ کے فورم کے زریعے نکالا جا سکتا ہے۔