پاکستانیوں نے 10 ماہ کے دوران چائے پر 54 کروڑ ڈالرز خرچ کر ڈالے

رواں مالی سال کے 10 ماہ میں 15 فیصد اضافے سے 2 لاکھ 19 ہزار 66 ٹن چائے درآمد ہوئی

muhammad ali محمد علی پیر 20 مئی 2024 21:32

پاکستانیوں نے 10 ماہ کے دوران چائے پر 54 کروڑ ڈالرز خرچ کر ڈالے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی2024ء) پاکستانیوں نے 10 ماہ کے دوران چائے پر 54 کروڑ ڈالرز خرچ کر ڈالے، رواں مالی سال کے 10 ماہ میں 15 فیصد اضافے سے 2 لاکھ 19 ہزار 66 ٹن چائے درآمد ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے چائے کے امپورٹ بل میں رواں مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق پاکستانیوں نے گزشتہ 10 ماہ میں 54 کروڑ 74 لاکھ ڈالر پتی کی امپورٹ پر خرچ کر ڈالے، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 17 فیصد زائد ہے۔

گزشتہ مالی سال کے 10 ماہ میں پاکستانیوں نے 46 کروڑ 76 لاکھ ڈالر مالیت کی چائے درآمد کی تھی۔رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال 10 ماہ میں 15 فیصد اضافے سے 2 لاکھ 19 ہزار 66 ٹن چائے درآمد ہوئی۔ گزشتہ مالی سال 10 ماہ میں ایک لاکھ 90 ہزار 830 ٹن چائے درآمد کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

رواں سال مارچ کے مقابلے میں اپریل میں چائے کی درآمد میں 10 فیصد کمی ہوئی۔ اپریل میں 5 کروڑ 22 لاکھ ڈالر مالیت کی چائے درآمد کی گئی جبکہ مارچ میں 5 کروڑ 85 لاکھ ڈالر مالیت کی چائے درآمد کی گئی تھی۔

دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق رواں مالی سال کے 10 ماہ میں غذائی اشیا کی برآمدات میں 2 ارب ڈالر سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے 10 ماہ میں 5.96 ارب ڈالرکی غذائی اشیا برآمدکی گئیں جو مالی سال2023 کے ابتدائی10ماہ میں 3.92ارب ڈالر تھیں۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں سال چاول کی برآمد 76 فیصد بڑھی ہے جب کہ جولائی تا اپریل 34.5 کروڑ ڈالر کے سی فوڈز برآمدکییگئے، رواں مالی سال جولائی سیاپریل تک69 کروڑ ڈالر کے پھل وسبزیاں بھی برآمدکی گئیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق 10 ماہ میں44 کروڑ 35 لاکھ ڈالر کا گوشت اورگوشت کی بنی دیگر مصنوعات برآمد کیں جبکہ 37 کروڑ ڈالرکے تیل کے بیج اور میوے برآمدکئے گئے، 10 ماہ میں ملک سے 2 کروڑ ڈالر کی چینی برآمد بھی کی گئی۔اعلامیے میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال پاکستان سے گندم برآمد نہیں ہوئی۔

متعلقہ عنوان :