واسا فیصل آباد نے ڈائریکٹوریٹس کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لئے صارفین کا جیو ٹیگنگ سسٹم متعارف کرا دیا

جمعہ 10 مئی 2024 20:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2024ء) واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا )فیصل آباد نے ریونیو ڈائریکٹوریٹس کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کےلئے صارفین کا جیو ٹیگنگ سسٹم متعارف کرا دیا ہے جو کہ پیپر لیس ورکنگ کی حکمت عملی کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو گا۔پہلے مرحلے میں انڈسٹریل صارفین کی جیو ٹیگنگ کی گئی ہے۔ اس حوالے آج واسا ہیڈ آفس میں ریونیو سٹاف کی عملی تربیت کے لئے تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی رانا تصور حسین نے اپنی مدد آپ کے تحت تیار کی گئی موبائل ایپلی کیشن لانچ کی اور اس کے استعمال کے طریقہ کار بارے آگاہی فراہم کی۔

انہوں نے کہا کہ جیو ٹیگنگ کے ذریعے 90فیصد انڈسٹریل صارفین کی جیو ٹیگنگ مکمل کی جا چکی ہے جن کا تمام تر ریکارڈ متعلقہ فیلڈ ریونیو سٹاف کے موبائل فون میں درج ہو گا اور ریونیو سٹاف اپنے موبائل پر کسی بھی انڈسٹریل صارف کے اکاؤنٹ نمبر پر کلک کرے گا تو اس کی تمام تر معلومات جن میں اس کا کرنٹ بل،واجبات،لائیو لوکیشن و دیگر اس کے سامنے ہو ں گی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی نے مزید بتایا کہ اسی طرح جیو ٹیگنگ کے زریعے کسی بھی انڈسٹریل یونٹ کا راستہ بھی موبائل ایپلی کیشن دکھائے گا ،اس طرح ٹریس نہ ہونے والے صارفین کا معاملہ حل ہو جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جیو ٹیگنگ ایک جامع پیپر لیس پلان ہے جس سے واسا کے ریونیو ڈائریکٹوریٹ کی کارکردگی میں مزید بہتری کے ساتھ ساتھ صارفین کے مسائل بھی موقع پر ہی حل ہو سکیں گے۔