میئر کراچی نے مائع فضلے کے لیاری ندی میں اخراج کی صورتحال کا جائزہ لیا

جمعہ 10 مئی 2024 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2024ء) میئر کراچی و چیئرمین کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن یومیہ 54ملین گیلن میونسپل مائع فضلہ صاف کرکے لیاری ندی تک پہنچاتی ہے جس کا اسٹینڈرڈ سندھ انوائرمینٹل کوالٹی کے مطابق ہے، دو سال کے اندر مائع فضلہ کو صاف کرنے کی صلاحیت 135ملین گیلن یومیہ اور دسمبر 2027تک 300ملین یومیہ گیلن تک پہنچا دی جائے گی، شہر میں پیدا ہونے والا تمام تر مائع فضلہ SEQS اسٹینڈرڈ کے مطابق صاف کیا جائے گا۔

جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہو ں نے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پمپنگ پلانٹ کے ذریعے کراچی میں پیدا ہونے والے مائع فضلے کے لیاری ندی میں اخراج کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے کہا کہ شہر میں پیدا ہونے والا مائع فضلہ مختلف مراحل سے گذارکر ماری پور ٹریٹمنٹ پلانٹ کیماڑی پر صاف کیا جاتا ہے، صفائی کے بعد اس مائع فضلہ کا معیاربایولوجیکل آکسیجن ڈیمانڈ (BOD) اور کیمیکل آکسیجن ڈیمانڈ (COD) کے لیے سندھ انوائرمینٹل کوالٹی اسٹینڈرڈ کے عین مطابق پایا گیا ہے جو خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہوئے خود اپنے بجٹ سے مائع فضلہ کو صاف کرنے کے پمپنگ اسٹیشنز کو بہتر بنایا ہے اور وہاں تمام تر سہولیات مہیا کی گئی ہیں تاکہ مائع فضلے کی آلودگی سے شہر کو محفوظ رکھا جائے اور بحری آلودگی سے بھی تحفظ فراہم ہو۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے مقامی اور بین الاقوامی اداروں کی مشاورت اور رہنمائی سے حکمت عملی وضع کررہی ہے اور ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے کہ ماحولیات کے حوالے سے بین الاقوامی قواعد و ضوابط اور اصولوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، اس سلسلے میں شہر کے ماحول کو صاف رکھنے اور ہر ممکن بحری آلودگی میں کمی لانے کے اقدامات کو اولین ترجیح دی جارہی ہے جس سے مستقبل میں بہتر نتائج آنے کی توقع ہے۔