پی آئی اےکی کراچی سے پہلی قبل از حج پروازمدینہ منورہ کے لئے روانہ ، قبل از حج آپریشن 10 جون تک جاری رہے گا

ہفتہ 11 مئی 2024 10:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2024ء) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی کراچی سے پہلی قبل از حج پرواز پی کے 743 علی الصبح 3 بجکر 30 منٹ پر مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہوگئی۔ پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر امان اللہ قریشی نے پی آئی اے کی پہلی قبل از حج پرواز کے ذریعے مدینہ منورہ روانہ ہونے والے عازمین حج کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر رخصت کیا۔

پرواز کی روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر عازمین حج کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے ۔ چیف آپریٹنگ آفیسر پی آئی اے نے عازمین حج کو مقدس سفر پر روانگی کی مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کا عمرہ آ پریشن کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا اور حج آپریشن بھی کامیابی سے مکمل ہوگا ۔

(جاری ہے)

پی آئی اے کا عملہ آپ کو خدمات فراہم کرنے کے لئے ہمہ وقت موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو اپنی پسندیدہ ایئر لائن اورحج کے سفر کے لئے ترجیح دینے پر عازمین حج کے شکرگزار ہیں۔

پی آئی اے چیف آپریٹنگ آفیسر امان اللہ قریشی نے عازمین حج سے ملک اور پی آئی اے کی خوشحالی کے لیے دعاوں کی درخواست بھی کی۔ اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر امان اللہ قریشی کے علاوہ پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ منیجر کراچی عمر خان ، پی آئی اے کے ائیرپورٹ منیجر جاوید پیچوہو اور دیگر افسران بھی موجود تھے جنہوں نے عازمین حج کو رخصت کیا، مبارکباد دی اور مقدس سفر کے لیے پی آئی اے کے انتخاب پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔

ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے ملک سے تقریباً 34 ہزار سے زائد عازمین حج کو سعودی عرب پہنچائے گی جن میں سے 19 ہزار عازمین حج سرکاری حج سکیم اور 15 ہزار عازمین پرائیویٹ حج سکیم کے تحت پی آئی اے کی تقریبا 170پروازوں کے ذریعے سعودی عرب پہنچیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے کراچی، لاہور، ملتان ، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، سیالکوٹ اور سکھر سے حج پروازیں چلا رہی ہے۔ قبل از حج آپریشن 10 جون تک جاری رہے گا۔