ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سیالکوٹ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیشن کا اجلاس

ہفتہ 11 مئی 2024 14:23

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2024ء) ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیشن کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال کی زیر صدارت ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اوور سیز پاکستانیز کی جانب سے محکمہ ریونیو، پنجاب پولیس، سول/ ریونیو کورٹس اور فوجداری نوعیت کی 88 شکایات کی سماعت کی گئی اور متعلقہ محکموں کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ بلاتاخیر زیر سماعت/التواء شکایات کا ازالہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ڈی او سی سی میں سمندر پار پاکستانیز کی جانب سے شکایات کا حل ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے گا اور اس ضمن میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جو شکایات اس فورم پر حل نہیں کی جاسکتی یا ان کے حل کے لیے عدالتوں میں جانا ضروری ہے کہ بابت سائلین کو بروقت مطلع کیا جائے تاکہ وہ بغیر وقت کے ضائع کئے متعلقہ فورم سے رجوع کرسکے۔

(جاری ہے)

اے ڈی سی ریونیو محمد اقبال نے بتایا کہ اب تک اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے کل 1041 شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں 863 کا ازالہ کیا جاچکا ہے۔ ان میں سے 160 سول /ریونیو کورٹس/فوجداری کورٹس کو ریفر کئے گئے ہیں جبکہ 788 محکمہ ریونیو اور 3 پولیس کے متعلق ہیں۔ اجلاس میں فوکل پرسن ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیشن شاہد منیر سے ڈی او پی سی کی کارکردگی کے بارے میں شرکاء اجلاس کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں شکایت کنندگان اور ان کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :