جماعت اسلامی سندھ کی جانب سے اسلام آباد میں غزہ مارچ کے شرکاء پر پولیس گردی کی شدید مذمت

ریلی پر پولیس گردی اور گرفتاریوں سے موجودہ جعلی حکمران ٹولے کی اسرائیل اور امریکہ نوازی کھل کر سامنے آگئی ہے،ترجمان جماعت اسلامی سندھ

ہفتہ 11 مئی 2024 17:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2024ء) جماعت اسلامی سندھ نے اسلام آباد میں اسلامی جمعیت طلبہ کے تحت ہونے والے ’’غزہ مارچ‘‘ پر پولیس کی لاٹھی چارج، آنسوگیس اورگرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ امریکی سامراج کے غلام حکمرانوں کو فلسطینی عوام کے حق میں پُرامن احتجاج بھی قبول نہیں ہے جس سے ان کی اسرائیل اور امریکہ نوازی کھل کر سامنے آگئی ہے۔

صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا نے ایک بیان میں کہا کہ پُرامن ریلی جس میں سیکڑوں کی تعداد میں طلبہ و طالبات و دیگر شریک تھے جو غزہ کے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی اور ظالم صہیونی افواج کی جانب سے چھ ماہ سے غزہ میں بربریت اورفلسطینی عوام کی نسل کشی کیخلاف سراپا احتجاج تھے ۔

(جاری ہے)

مظاہرین علامتی طور پر امریکی سفارتخانے پہنچ کر احتجاج رکارڈ کروانا چاہتے تھے لیکن پولیس نے کارکنان پر لاٹھی چارج ،شیلنگ وگرفتاریاں کرکے شہدائے غزہ کے خون سے غداری اورمظلوم فلسطینیوں کے زخموں پرنمک پاشی کی ہے۔

ملک کا آئین ہر شہری اور ہر سیاسی سماجی تنظیم کو پر امن احتجاج کا حق دیتا ہے۔ فارم 47 پر کھڑی یہ ریجیم کبھی وکلا کے احتجاج پر پولیس کو دھاوا بولنے کا کہتی ہے تو کبھی کسانوں پر، الغرض جو بھی سیاسی سماجی گروہ سڑکوں پر نکل آتا ہے اس کیخلاف ریاستی طاقت استعمال کی جارہی ہے جس سے ان جعلی حکمران ٹولے کا خوف صاف عیاں ہوچکا ہے، موجودہ پی ڈی ایم 2کی حکومت نے ملک میں عملا شہری آزادی کو سلب،آئین کو معطل اور اپوزیشن سمیت تمام مکتبہ فکر کی سیاسی،سماجی ،طلبہ تنظیموں کو پرامن احتجاج سے محروم کرکے دور آمریت کو بھی مات دے دی ہے۔

حکومت وقت کو اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہئے کہ آیا پر امن احتجاج اور جلسے و جلوس کرنا اب جرم بن گیا ہی جماعت اسلامی سندھ اسرائیلی جارحیت کے خلاف غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں احتجاج کرنے والوں پر پولیس گردی کی شدید مذمت، گرفتار کارکنان کو فی الفور رہا اور ملوث اہلکارں کیخلاف کاروائی کا مطالبہ کرتی ہے، ہم غزہ اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں اور ریاست پاکستان کی جانب سے انسانی حقوق اور سیاسی آزادیوں کو صلب کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔