سانحہ 12مئی ہماری قومی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے، جس پر انسانیت ہمیشہ شرمندہ رہے گی،وقارمہدی

سانحہ 12مئی کے دہشت گرد بانی ایم کیو ایم الطاف حسین اور انکے حواری بے نقاب ہو چکے ہیں،جنرل سیکرٹری پیپلزپارٹی سندھ

اتوار 12 مئی 2024 16:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے کہا ہے کہ سانحہ 12 مئی ہماری قومی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے، جس پر انسانیت ہمیشہ شرمندہ رہے گی۔ اپنے جاری کردہ پریس بیان میں وقار مہدی نے کہا کہ 12 مئی 2007ع پر ایک آمر اور دہشتگردوں کے گٹھ جوڑ نے شہرِ قائد میں خون کی ہولی کھیلی اور نہتے سیاسی کارکنوں پر دہشتگردوں نے اسلحے کے منہ کھول دیئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کھلا قتل عام تھا۔ وقار مہدی نے کہا کہ سانحہ 12 مئی کے شہدا کی قربانیاں رائیگان نہیں گئیں۔ تاریخ نے سانحہ 12 مئی کے ذمہ داروں کے خلاف بھی اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ سانحہ 12 مئی کے دہشت گرد بانی ایم کیو ایم الطاف حسین اور انکے حواری بے نقاب ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب ظلم بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔ آج نفرت، تقسیم اور دہشتگردی پر کھڑی سیاست بچی ہے نہ خونِ ناحق پر مکا لہرانے والے (جنرل پرویزمشرف )کی آمریت۔

وقار مہدی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ قیادت پاکستان پیپلز پارٹی سانحہ 12 مئی کے شہدا کی جدوجہد و قربانی کی امین ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ملک میں جمہوریت کی مضبوطی، عوام کی خوشحالی اور مساوات پر کھڑے معاشرے کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔ پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے سانحہ 12 مئی کے شہدا اور ان کے لواحقین کو صبر و استقامت پر سلام پیش کرتا ہوں۔