Live Updates

پنجاب کے ہسپتالوں میں او پی ڈی رات10بجے تک کرنے کی تجویز

صوبے کے 18 ہسپتالوں میں جدید ترین چائلڈ ایمرجنسی بلاک قائم کئے جائیں گے،وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت چائلڈ ایمرجنسی کی بہتری کیلئے اجلاس

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 14 مئی 2024 16:23

پنجاب کے ہسپتالوں میں او پی ڈی رات10بجے تک کرنے کی تجویز
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 مئی 2024) پنجاب کے ہسپتالوں میں او پی ڈی رات10بجے تک کرنے کی تجویز،صوبے کے 18 ہسپتالوں میں جدید ترین چائلڈ ایمرجنسی بلاک قائم کئے جائیں گے، کراچی، اسلام آباد اور لاہور میں ٹیلی میڈیسن کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور نواز شریف کی زیر صدارت چائلڈ ایمرجنسی کی بہتری کیلئے اجلاس ہوا جس میں ہسپتالوں میں او پی ڈی رات 10بجے تک کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔

ہسپتالوں میں کتے کے کاٹے کی ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔چائلڈ لائف فاﺅنڈیشن کے سی ای او احسن ربانی نے اجلاس کے شرکاءکو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کے کسی بچے کو کوالٹی ایمرجنسی سے 30 منٹ سے زیادہ دور نہیں ہونا چاہیے اورہر چائلڈ ایمرجنسی میں تیز ترین آٹو میشن سسٹم سے مریض بچے کی جان بچائی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب بھر میں 153 ہسپتالوں کی ایمرجنسی وارڈ میں ٹیلی میڈیسن پروگرام فنکشنل ہوچکا ہے۔

کراچی،اسلام آباد اور لاہور میں ٹیلی میڈیسن کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں۔ پنجاب کے 18 ہسپتالوں میں جدید ترین چائلڈ ایمرجنسی بلاک قائم ہوں گے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے قائد نواز شریف کا کہنا تھا کہ بہترین علاج ہر غریب آدمی کا حق ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ سرکاری دفاتر اور ہسپتالوں میں ورک ایتھکس بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔

ہسپتالوں خاص طور پر ایمرجنسی میں مانیٹرنگ کی ضرورت ہے۔ سابق دور حکومت میں ہیلتھ سیکٹر کی تباہی میں کسر نہیں چھوڑی گئی۔ ماضی میں پرائیویٹائزیشن نہ ہوتی تو آج ہر شعبے میں ہم بھارت سے آگے ہوتے۔اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید، وزیراطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزرا صحت خواجہ عمران نذیر، خواجہ سلمان رفیق، ایم این اے بلال اظہر کیانی، ڈاکٹر اظہر کیانی،ڈاکٹر عدنان خان، ڈاکٹر محمود ایاز اور دیگر بھی موجود تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات