نوجوان نسل معاشرے سے کرپشن کے خاتمہ کے لئے کرداراداکر ے،یونیورسٹی آف تربت میں سیمینار سے شرکاء کا خطاب

منگل 14 مئی 2024 16:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2024ء) یونیورسٹی آف تربت اور قومی احتساب بیورو (بلوچستان) کے مشترکہ تعاون سے یونیورسٹی آف تربت کے کانفرنس روم میں ''بدعنوانی کے خاتمے میں طلباءکا کردار'' کے عنوان پر ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیاگیا۔ سیمینار کا مقصد نوجوانوں کو کرپشن کے خاتمے اورمعاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے ان کوبااختیار بنانے کی ترغیب دیناتھا۔

سیمینار میں مختلف شعبہ جات کے طلباء، فیکلٹی ممبران اور انتظامی عملہ نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین بشمول انچارج نیب (بلوچستان) سب آفس گوادر ڈاکٹر محمد راشد، جامعہ تربت کے رجسٹرار گنگزاربلوچ اور سمینار کے فوکل پرسن امجد حبیب نے معاشرے سے بدعنوانی کی لعنت کو ختم کرنے کی ضرورت واہمیت پر اظہارخیال کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر محمد راشد نے بدعنوانی کے نقصانات اور اس کے اسباب پر اظہارخیال کرنے کے علاوہ کرپشن کے خاتمہ کے لیے موثرحکمت عملی اپنانے اور معاشرے کے ہرفرد کی جانب سے کرداراداکرنے کی ضرورت پر زوردیا۔

انہوں نے نیب کے قیام سے لے کر اب تک بدعنوانی کے خاتمے کے لئے نیب کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات، ذمہ داریوں اور اس کی کامیابیوں کے علاوہ نیب کے دائرہ اختیار پر روشنی ڈالی۔ بدعنوانی کے خلاف جنگ میں طلباءاور نوجوانوں کے کلیدی کردار پر زور دیتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ معاشرے سے کرپشن کے خاتمہ کے لئے اپنا کرداراداکر ے۔

سیمینار میں سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس کے دوران شرکاءنے نہ صرف بدعنوانی کے خاتمے میں نیب کے کردار کے بارے میں سوالات کئے بلکہ اس معاشرتی برائی سے نجات کے لئے اپنی تجاویز اور نقطہ نظر سے بھی آگاہ کیا۔ سیمینار کے اختتام پر جامعہ تربت میں حال ہی میں قائم ہونے والی کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی (سی بی ایس)کے ممبران کی حلف برداری کی تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں طلبہ وطالبات نے کرپشن سے پاک معاشرے کی تشکیل کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا عہد کیا۔ تقریب کا اختتام ''خود احتسابی بہترین احتساب ہے'' کے اصولی موقف کو برقرار رکھنے کے عزم کے ساتھ ہوا۔