Live Updates

آصف زرداری پرسنگین الزامات : شیخ رشید کی درخواست بریت پر فیصلہ محفوظ

بدھ 15 مئی 2024 14:44

آصف زرداری پرسنگین الزامات : شیخ رشید کی درخواست بریت پر فیصلہ محفوظ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2024ء) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے صدر مملکت آصف علی زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کے الزامات سے متعلق کیس میں عوامی مسلم لیگ (اے ایم ایل)کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کی درخواست بریت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔شیخ رشید کے خلاف آصف علی زرداری پر قتل کا الزام لگانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔

اس موقع پر شیخ رشید اپنے وکیل سردار شہباز، نیازی اللہ نیازی کے ساتھ پیش ہوئے، جوڈیشل مجسٹریٹ سہیل تھہیم کی عدالت میں سابق وفاقی وزیر کی درخواست بریت دائر کی گئی۔عدالت نے شیخ رشید کی درخواست بریت پر دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو آصف زرداری پر عمران خان کو قتل کرنے کی سازش سے متعلق بیان پر 2 فروری کو رات گئے گرفتار کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے ایک مقامی رہنما راجا عنایت نے شیخ رشید کے خلاف سابق صدر آصف علی زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کا الزام لگانے پر شکایت درج کرائی تھی۔شکایت گزار کی مدعیت میں تھانہ آبپارہ پولیس نے آصف زرداری پر عمران خان کو قتل کرنے کی سازش سے متعلق بیان پر مقدمہ درج کیا تھا، جس میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 120-بی، 153 اے اور 505 شامل کی گئی تھیں۔

گرفتاری کے بعد انہیں اسی روز اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں عدالت نے ان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔دوسری جانب 3 فروری کو وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر شیخ رشید کے خلاف کراچی میں بھی مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔شیخ رشید کے خلاف کراچی کے موچکو، حب کے لسبیلہ اور مری کے تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے تھے جس کے بعد ایف آئی آر کو سیل کردیا گیا تھا۔

علاوہ ازیں ایک اور مقدمہ 4 فروری کو تھانہ صدر میں پیپلز پارٹی کے کارکن کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا جس میں شیخ رشید پر امن و امان کو خراب کرنے اور جان بوجھ کر اشتعال پھیلانے کا الزام عائد کیا گیا تھاتاہم 16 فروری کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کے الزام سے متعلق کیس میں گرفتار شیخ رشید کی درخواست ضمانت منظور کرلی تھی جس کے بعد انہیں جیل سے رہا کردیا گیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات