دنیا بھر میں اسرائیلی مظالم کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں، عبدالواسع

ہمارے حکمرانوں نے مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔ جماعت اسلامی نے عالمی برادری میں کئی حکمرانوں سے رابطے کیے۔ فلسطین کے مسئلے پر خاموش نہیں رہیں گے،سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی خیبرپختونخوا

جمعہ 17 مئی 2024 23:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2024ء) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں اسرائیلی مظالم کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں لیکن ہمارے حکمرانوں نے مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔ جماعت اسلامی نے عالمی برادری میں کئی حکمرانوں سے رابطے کیے۔ فلسطین کے مسئلے پر خاموش نہیں رہیں گے۔کل (19مئی) کو پشاور کے کبوتر چوک میں فلسطینی مظلوم مسلمانوں سے یکجہتی کے لیے غزہ ملین مارچ ہوگا۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن غزہ ملین مارچ کی قیادت کریں گے۔ جماعت اسلامی ہر محاذ پرغزہ کے مظلوموں کے لیے آواز اٹھائے گی۔ فلسطین کا مسئلہ ہر مسلمان کا مسئلہ ہے۔فلسطینی مسلمانوںسے یکجہتی کیلئے جماعت اسلامی مختلف محاذوں پر اقدامات اٹھارہی ہے۔

(جاری ہے)

سابق امیر سراج الحق نے ایران،ترکی اورقطر کے دورے کئے۔ اسی طرح حافظ نعیم الرحمن نے قطر اور سینیٹر مشتاق نے ترکی کے دورے کئے۔

جماعت اسلامی کے شعبہ امورِ خارجہ کے انچارج آصف لقمان قاضی اب بھی قطر میں موجود ہیں۔ غزہ میں اسرائیل انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کررہا ہے۔ اب تک سینتیس ہزار سے زائد شہریوں کو بمباری کرکے شہید کیا جا چکا ہے، ہزاروں زخمی اور لاپتا ہیں۔ عالمی ادارے اس ظلم و بربریت پر خاموش ہیں۔ امریکہ اور دوسرے یورپی ممالک براہ راست غزہ کے قتل عام میں ملوث ہیں۔

جماعت اسلامی کی الخدمت فاؤنڈیشن فلسطین کے عوام کی ہر ممکن مدد کررہی ہے۔ اب تک ڈھائی ارب روپے مالیت کا 2080ٹن سامان ادویات، فوڈ، خیمے، ترپال، فرسٹ ایڈ باکسز سمیت دیگر امدادی سامان غزہ پہنچایا، عارضی سیز فائر کی صورت میں الخدمت 3ارب 75کروڑ روپے کے فیلڈ ہسپتال بنائے گی، پاکستانی حکومت کو بھی فلسطین کے عوام کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھانی چاہیے۔

غزہ ملین مارچ کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ خیبرپختونخوا کے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ غزہ ملین مارچ میں شرکت کریں۔ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر غزہ ملین مارچ میں شرکت کریں، یہاں سے ایک بھرپور پیغام غزہ کے مسلمانوں اور دنیا کے لیے جانا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر بحر اللہ خان، جماعت اسلامی یوتھ کے صوبائی صدر و آرگنائزر غزہ ملین مارچ صہیب الدین کاکا خیل ، سیکرٹری اطلاعات سید جماعت علی شاہ اور نور غلام آفریدی بھی موجود تھے۔

عبدالواسع نے کہا کہ اسرائیلی اور امریکی مصنوعات کے بائیکاٹ کا سلسلہ جاری رہے گا۔ جماعت اسلامی اس حوالے سے عوام میں شعور بیدار کرر ہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ حماس کی قیادت قطر میں موجود ہے، ہر کوئی وہاں جا کر ان سے ملاقات کر سکتا ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ کوئی بھی پاکستانی حکمران وہاں ملاقات کے لیے نہیں گیا۔غزہ میں اسرائیل نے قتل عام شروع کیا ہے، ہزاروں بچوں، خواتین اور مردوں کو بمباری کرکے شہید کردیا لیکن امت مسلمہ اور پاکستان کے حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔

پریس کانفرنس سے جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر بحر اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے فلسطین کے مسئلہ پر بھرپور ساتھ دیا ہے اس پر میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ تمام چینلز اور اخبارات فلسطین کے مسئلے پر آواز اٹھا رہے ہیں۔دنیا کے اندر مثبت کردار پاکستانی میڈیا کا رہا ہے۔فلسطین کے سیٹیزن میڈیا نے دنیا کے بڑے بڑے نشریاتی اداروں کو شکست دی۔ جماعت اسلامی پاکستان میںغزہ کے لیے بڑی مہم چلا رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ غزہ میں پورے قتل عام کی ذمہ داری بائیڈن اور اسکی انتظامیہ کی ہے۔ غزہ ملین مارچ کے آرگنائزر صہیب الدین کاکا خیل نے کہا کہ ہماری تیاریاں پوری ہیں۔ جلسہ کا آغاز 6 بجے ہوگا پورے صوبے سے لوگ شریک ہونگے، انتظامیہ سے مذاکرات ہوگئے ہیں۔