شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی میں طلباء کیجانب سے پوسٹر پریزنٹیشن کا انعقاد

بدھ 22 مئی 2024 16:21

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2024ء) شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی کے شعبہ انگریزی، شعبہ میڈیا سٹڈیز اور شعبہ آرٹس اینڈ ڈیزائن کے طلباء نے سمسٹر کے اختتام پر اپنے نصاب کے موضوعات کے مطابق اپنی تصاویر (پوسٹر پریزنٹیشن) پیش کیں۔ جبکہ شعبہ جینےٹکس کے فزکس کے طلباء اور طالبات کی جانب سے سائنس فیئر کا بھی انعقاد کیا گیا۔

ان نصابی سرگرمیوں کا مقصد طلبہ کو اپنے شعبوں کی اہمیت کو سمجھنا اور مختلف حوالوں سے ان کا استعمال کرکے طلبہ کے اعتماد کو بڑھانا تھا۔ رنگا رنگ پروگراموں کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امانت علی جلبانی نے کیا۔ طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے یونیورسٹی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی زرداری، پروفیسر ڈاکٹر سلمان بشیر میمن اور مختلف شعبہ جات کے چیئرمینوں نے بھی اس نصابی سرگرمی میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

شعباجات کے سربراہان ڈاکٹر تانیہ لغاری، محمد حسین چانڈیو، دستار علی چانڈیو، ڈاکٹر نادر رند اور ان کے فیکلٹی ممبران ڈاکٹر شاہنواز پھلپوٹو، آغا کوثر، ام رباب علوی، منظور منگی، یاسر عباسی اور دیگر نے شرکت کی۔ ڈاکٹر جلبانی نے طلبہ و طالبات کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے اور طلبہ میں مقابلے کا جذبہ بڑھتا ہے۔

اس قسم کی نمائشیں تکنیکی مہارتوں کی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ تمام طلباء کی حوصلہ افزائی کی جائے کہ وہ ایسے تعلیمی میلوں کا انعقاد کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ طلباء خود سیکھ سکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کی نصابی سرگرمیوں سے طلبہ کا اعتماد بحال ہوتا ہے۔ وہ ان سرگرمیوں کے ذریعے اپنے ذخیرہ الفاظ میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ آج کے طلباء کل کے استاد ہیں، انہیں مستقبل میں بہترین رہنما بننا ہے۔