ڈاکٹر یوسف ظفر نے نائب صدر پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی کا چارج سنبھال لیا

بدھ 22 مئی 2024 16:56

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2024ء) ڈاکٹر یوسف ظفر نے نائب صدر پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی کا چارج سنبھال لیا۔تفصیلات کے مطابق وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر یوسف ظفر کو پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی کا نائب صدر نامزد کیا گیا اور انہوں نے فوری طور پر چارج سنبھالنے کے بعد کام شروع کر دیا ہے۔

ڈاکٹر یوسف ظفر ایک بین الاقوامی سطح پر مشہور سائنسدان ہیں جن کے پاس زرعی بائیو ٹیکنالوجی میں 40 سال سے زائد کا تجربہ ہے۔ انہوں نے قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے بائیو سائنس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی اور ہنور یونیورسٹی جرمنی سے مالیکیولر بائیولوجی میں ایم فل کی ڈگری حاصل کی۔ ڈاکٹر یوسف ظفر بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA)، ویانا، آسٹریا میں 2012 سے 2014 تک وزیر (تکنیکی) مستقل مشن کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بطور چیئرمین پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل اسلام آباد خدمات انجام دیں۔ مزید برآں ان کی خدمات بطور ڈائریکٹر جنرل (زرعی اور بائیو ٹیکنالوجی ڈویژن) پاکستان اٹامک انرجی کمیشن؛ پراجیکٹ ڈائریکٹر نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار جینومکس اینڈ ایڈوانسڈ بائیو ٹیکنالوجی (NIGAB) پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل اسلام آباد؛ اور ڈائریکٹر نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار بائیو ٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ (NIBGE) فیصل آباد شامل ہیں۔

انہیں انٹرنیشنل کاٹن ایڈوائزری کمیٹی یو ایس اے کی جانب سے سال 2012 کے بہترین سائنسدان کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ حکومت پاکستان نے 23 مارچ 2004 کو تمغہ امتیاز سے بھی نوازا اور 28 مئی 2000 کو پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی جانب سے بہترین سائنسدان کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ وہ 50 سے زائد بین الاقوامی کانفرنسوں اور سمپوزیم میں شرکت کر چکے ہیں اور 200 سے زائد تحقیقی پیپرز لکھ چکے ہیں۔

ان کی قیادت میں، NIBGE نے کپاس کی بہت سی اقسام تیار کیں جو پہلی بار امریکہ میں رجسٹر ہوئیں۔ جی ایم پلانٹس کے 28 سے زائد کیسز بھی این بی سی، ای پی اے کو پیش کیے گئے۔ ڈاکٹر محمد نوید افضل سیکرٹری پی سی سی سی و ڈائریکٹر سی سی آر آئی ملتان اور پی سی سی سی کے دیگر ملازمین و سائنسدانوں نے ڈاکٹر یوسف ظفر کو نائب صدر پی سی سی سی کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں پی سی سی سی اور کپاس کی پیداواری صلاحیت سے متعلق مسائل حل ہو جائیں گے۔ ڈاکٹر یوسف ظفر نے پی سی سی سی کے ملازمین کا شکریہ ادا کیا اور پی سی سی سی کی بہتری اور کپاس کی پیداواری صلاحیت کے لیے بھرپور محنت کرنے کا یقین دلایا۔