شدید گرمی میں لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے کثیر تعداد میں افراد کو لو لگنے کا اندیشہ ہے، پاسبان

بدھ 22 مئی 2024 18:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2024ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والانے کہا ہے کہ شدید گرمی اور حبس میں لوڈ شیڈنگ، حکومتی بد انتظامی کے عذاب کی صورت عوام پر مسلط ہو گئی ہے۔ پاکستان میں بجلی کی پیداواری صلاحیت ضرورت سے زائد ہے۔ گرمیوں میں پن بجلی بھی میسر ہوتی ہے پھر بھی لوڈ شیڈنگ حکومت کی نااہلی کا۔

منہ بولتا ثبوت ہے۔ شدید گرمی میں لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے کثیر تعداد میں افراد کو لو لگنے کا اندیشہ ہے۔ ہسپتال اس سلسلے میں پیشگی اقدامات کریں اور حکومت آگاہی مہم چلائے۔ تین ہفتوں کے لئے تمام تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا جائے اور جامعات میں آن لائن کلاسز لی جائیں۔سرکاری اور نجی کاروباری اداروں میں جہاں ممکن ہو ایک مہینے کے لئے ورک فرام ہوم کی اجازت دی جائے۔

(جاری ہے)

کام کے اوقات کار میں صاف پینے کے پانی کی دستیابی اداروں میں یقینی بنائی جائے۔ ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے ہر ادارے میں مناسب انتظامات کئے جائیں۔ اس شدید گرمی میں لوڈ شیڈنگ سے امن عامہ بھی متاثر ہوتا ہے۔ حکومت اشتعال انگیزی سے پرہیز کرے۔ شدید گرمیوں میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات بڑھ جاتے ہیں۔ میونسپل کارپوریشن پہلے سے اس کی روک تھام کے انتظامات کرلے۔

شدید گرمی میں دس دن کے لیے لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے اور پانی بلاتعطل فراہم کیا جائے۔ انسانی جانیں سب سے زیادہ قیمتی ہیں انہیں بچانے کے لیے کے الیکٹرک سمیت ملک میں بھر بجلی فراہم کرنے کمپنیاں لوڈ شیڈنگ کے عمل کودس دن کے لیے رضاکارانہ معطل کرنے کا اعلان کریں بصورت دیگر حکومت ہوش میں آئے اور پاکستانیوں کی جانیں بچانے کے اقدامات کرے۔

بجلی فراہم کرنے والی کمپنیاں سالانہ اربوں کھربوں روپے منافع کما رہی ہیں۔ شدید گرمی میں تھوڑے سے منافع کی قربانی دیں۔پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پی ڈی پی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا نے مزید کہا کہ محکمہ موسمیات نے اگلے دس دن پورے ملک میں شدید گرمیوں کی پیش گوئی کر دی ہے۔ درجہ حرارت اڑتالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جو کہ چون ڈگری محسوس ہوگا۔

2015 کے ہیٹ اسٹروک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور پانی کی بندش کی وجہ سے کراچی میں سینکڑوں اموات ہوئی تھیں۔ آج کل رات کو بھی شدید گرمی پڑ رہی ہے اور ساتھ ہی کے الیکٹرک لوڈ شیڈنگ کے شیڈول کو آسمانی صحیفہ کی مانند مقدس سمجھ کر عمل پیرا ہے۔حکومت، رات کی لوڈ شیڈنگ پر فوری طور پر پابندی عائد کرے۔ شدید گرمیوں کی وجہ سے گلیشئر غیر معمولی رفتار سے پگھلتے ہیں جس سے سیلابی صورتحال کا اندیشہ ہے۔ ڈزاسٹر مینجمنٹ سیل پہلے سے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری کرے تاکہ عوام اور املاک کو نقصانات سے بچایا جا سکے۔