ملک بھر کی یونیورسٹیوں میں مستقل وائس چانسلرکی تعیناتیوں کیلئے اقدامات اٹھارہے ہیں، حکومت

بدھ 22 مئی 2024 22:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2024ء) ایوان بالا کو وفاقی وزیر قانون و پارلیمانی امور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے بتایا ہے کہ ملک بھر کی یونیورسٹیوں میں مستقل وائس چانسلرز کی تعیناتیوں کے حوالے سے اقدامات کئے جارہے ہیں اور کامسیٹس یونیورسٹی کے ریکٹر کا تقرر بھی جلد کر لیا جائے گا۔ایوان بالا کا اجلاس قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی صدارت میں ہوا۔

(جاری ہے)

بدھ کو توجہ دلائو نوٹس پر بات کرتے ہوئے سینیٹر ڈاکٹر زرقہ سہروردی نے کہا کہ کامسیٹس یونیورسٹی کے ریکٹر کی تقرری کے حوالے سے میڈیا میں بے ضابطگیوں کی نشاندھی کی گئی تھی ، پاکستان میں اس وقت 64یونیورسٹیوں کے مستقل وائس چانسلر اور ریکٹر تعینات نہیں ہیں اور قائمقام افسران سے کام چلایا جارہا ہے،یہ ذمہ داری گورنر کی ہوتی ہے انہوںنے یہ کام کیوں نہیں کیا ہے، ایچ ای سی کی جانب سے اس حوالے سے گورنرز کو خطوط لکھے گئے مگر اس پر عمل درآمد نہیں کیاگیا ،کامسیٹس یونیورسٹی میں جس قسم کی تقرریاں ہوئی ہیں اس پر بھی سوالات اٹھائے جارہے ہیں،ایک جونیئر پروفیسر کو آگے لایا گیا جو کہ ان کے پسندیدہ تھے جس پر وفاقی وزیر قانون و پارلیمانی امور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ یہ یونیورسٹی ایک آرڈیننس کے زریعے قائم کی گئی ہے ،یونیورسٹی کے ریکٹر ڈین بیرون ملک چلے گئے اور وہاں سے استعفیٰ بھجوایا جسے سابق صدر نے قبول کر لیا اور ایک سرچ کمیٹی بنائی گئی کمیٹی نے 80افراد کا شارٹ لسٹ کیا گیا اور یہ سلسلہ گذشتہ ہفتے مکمل ہوا ہے اس میں 3افراد کو منتخب کریں گے جس میں ایک کو منتخب کیا جائے گا انہوں نے کہاکہ کامسیٹس یونیورسٹی کے حوالے سے وزارت سے بتایا ہے کہ ایکٹ میں تبدیلی اس ایوان کا اختیار ہے تاہم رولز میں تبدیلی کا اختیار یونیورسٹی کے سینیٹ کو حاصل ہے اور رولز ریگولیشن میں کسی قسم کی تبدیلی ممکن نہیں ہے انہوں نے کہاکہ کامسیٹس یونیورسٹی میں قائمقام ریکٹر نے عارضی طور پر تقرریاں کی ہیں جو کہ یونیورسٹی کے معاملات چلانے کیلئے بے حد ضروری تھی انہوںنے کہاکہ مستقل ریکٹر کی تقرری جلد ہی ہوجائے گی انہوں نے کہاکہ پنجاب کی جامعات میں مستقل وائس چانسلر کی تعیناتیوں کے لئے سرچ کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں تاہم 18ویں ترمیم کے بعد تعلیم کا شعبہ صوبوں کو منتقل کیا جاچکا ہے اور وائس چانسلر کی تعیناتی وزیر اعلیٰ کی سفارشات کے بعد گورنر کرتے ہیں۔