وزیر اعظم کی مرحوم صدر رئیسی اور رفقاء کی یاد میں منعقدہ تقریب میں شرکت، نگران صدر ڈاکٹر محمد مخبر سے اظہار تعزیت

ایرانی عوام کی ترقی و خوشحالی، پاک ایران تعلقات کے فروغ ،خطے کیلئے خدمات پر ابراہیم رئیسی کو خراج عقیدت پیش کیا ابراہیم رئیسی کی شہادت کی خبر سے شدید صدمہ ہوا ،غم کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں ،ایرانی عوام کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، شہباز شریف

بدھ 22 مئی 2024 23:13

وزیر اعظم کی مرحوم صدر رئیسی اور رفقاء کی یاد میں منعقدہ تقریب میں شرکت، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2024ء) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مرحوم ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی، مرحوم وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہ اور ان کے رفقا کیلئے منعقدہ یادگاری تقریب میں شرکت کی، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

تقریب کے دوران وزیراعظم اس ہال میں بھی تشریف لے گئے جہاں مرحوم ایرانی صدر کا جسد خاکی رکھا گیا تھا۔ وزیراعظم نے مرحوم صدر کے بلندی درجات کیلئے دعاء کی۔وزیراعظم نے مرحوم ایرانی صدر کی ایرانی عوام کی ترقی و خوشحالی، پاک-ایران تعلقات کے فروغ اور خطے کے لئے خدمات پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے ایران کے قائم مقام صدر ڈاکٹر محمد مخبر سے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کو ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم ریئسی اور ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور دیگر رفقا کی المناک حادثے میں شہادت کی خبر سے شدید صدمہ ہوا ہے، ہم دکھ اور غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں اور اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہدا کے اہلِ خانہ اور ایرانی عوام کے ساتھ ہیں، پوری پاکستانی قوم مشکل کی اس گھڑی برادر ملک میں ایران کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مرحوم ایرانی صدر پاکستان کے عظیم دوست تھے، ان کے گزشتہ ماہ دورہ پاکستان کے دوران پاکستانی عوام کے ساتھ گزرے لمحات ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے ۔وزیراعظم نے ایران کے نگران صدر ڈاکٹر محمد مخبر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔