تحریک انصاف کے سیکرٹریٹ کو سیل کرنے کے دوران مزاحمت پر انسداد دہشتگردی کا مقدمہ درج

مقدمہ 7 اے ٹی اے سمیت دیگر 6 دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے،تھانہ کراچی کمپنی میں علاقہ مجسٹریٹ محمد سجاد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 24 مئی 2024 12:31

تحریک انصاف کے سیکرٹریٹ کو سیل کرنے کے دوران مزاحمت پر انسداد دہشتگردی ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 مئی 2024 ) اسلا م آباد میں تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ کو سیل کرنے کے دوران ہونے والی مزاحمت پر انسداد دہشت گردی کا مقدمہ درج کر لیا گیا، مقدمہ 7 اے ٹی اے سمیت دیگر 6 دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔تھانہ کراچی کمپنی میں علاقہ مجسٹریٹ محمد سجاد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں پی ٹی آئی اسلام آباد کے رہنما عامر مغل سمیت 25 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق سی ڈی اے کے آپریشن کے دوران عامر مغل نے آتے ہی ہوائی فائرنگ شروع کر دی تھی۔ عامر مغل نے مشتعل ہجوم کے ہمراہ پولیس پارٹی پر حملے کی بھی کوشش کی۔مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ عامر مغل کی گرفتاری کے دوران ان کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد پولیس نے رات کو ہی عامر مغل کو پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے باہر سے گرفتار کر لیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ رات وفاقی دارالحکومت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی دفتر کو سیل کر دیا گیا تھا۔سی ڈی اے نے پی ٹی آئی کے سینٹرل سیکرٹریٹ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے عمارت کے اردگرد کا کچھ حصہ گرا دیا تھا۔سی ڈی اے حکام کا کہنا تھا کہ آپریشن غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کیا گیا۔ ایک منزل غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی تھی۔

مزاحمت کرنے پر پی ٹی آئی رہنما عامر مغل کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی ٹیم پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزیوں، غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے تحریک انصاف کے مرکزی دفتر پہنچی، سی ڈی اے ٹیم ساتھ ہیوی مشینری بھی لائی تھی۔سی ڈی اے ٹیم نے پولیس کے ہمراہ آپریشن کیا اور پی ٹی آئی سیکرٹریٹ کے اطراف میں لگی گرل اور دیگر غیر قانونی تعمیرات گرا دیں، بعد ازاں تحریک انصاف کے دفتر کو سیل کرنے کا حکم نامہ چسپاں کر دیاتھا۔