امدادی سامان کی ترسیل کے لیے اسرائیل کا لڑائی میں روزانہ وقفے کا اعلان

DW ڈی ڈبلیو اتوار 16 جون 2024 16:40

امدادی سامان کی ترسیل کے لیے اسرائیل کا لڑائی میں روزانہ وقفے کا اعلان

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 16 جون 2024ء) اسرائیلی فوج کا یہ اعلان کئی ہفتوں سے جاری کیے جانے والے ان انتباہات کے بعد سامنے آیا ہے جن میں عالمی اداروں کی طرف سے کہا جا رہا تھا کہ محاصرہ شدہ فلسطینی علاقے غزہ پٹی میں قحط کی سی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔

''فوجی سرگرمی میں حکمت عملی سے متعلق مقامی وقفے‘‘ کے اعلان کے مطابق روزانہ کی بنیاد یہ وقفہ رفح کے علاقے میں دن کی روشنی میں کیا جائے گا۔

اس اعلان سے ایک دن قبل ہی غزہ کے اس انتہائی جنوبی شہر کے قریب ایک بم دھماکے میں آٹھ اسرائیلی فوجی مارے گئے تھے، جبکہ تین دیگر اسرائیلی فوجی ایک دوسرے مقام پر مارے گئے۔ یہ جانی نقصان حماس کے جنگجوؤں کے خلاف اسرائیل کی حالیہ جنگ کے دوران کسی ایک دن میں اسرائیلی فوج کے بھاری ترین نقصانات میں سے ایک تھا۔

(جاری ہے)

غزہ میں جنگ بندی کی کوششیں، 'پیش رفت کی توقع کم ہی‘

اسرائیلی فوج کے رفح پر حملوں میں شدت

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے اور متعدد امدادی تنظیمیں کئی ہفتوں سے غزہ پٹی میں خوراک اور دیگر لازمی اشیاء کی کمی کے حوالے سے مسلسل انتباہات جاری کر رہے تھے۔

امدادی سامان سے لدے ٹرک مصر اور غزہ کے درمیان سرحد اور دیگر سرحدی گزرگاہوں کے باہر موجود ہیں تاہم انہیں غزہ میں داخلے کے سلسلے میں مشکلات کا سامنا ہے، خاص طور پر اسرائیلی فوج کی طرف سے رفح کراسنگ پر مئی کے آغاز میں کیے جانے والے قبضے کے بعد سے۔

اسرائیلی فوج کی طرف سے عسکریت پسندوں پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ وہ امدادی سامان لوٹ لیتے ہیں اور یہ کہ امدادی سامان تقسیم کرنے والے ورکرز اس امداد کو عام شہریوں میں تقسیم کرنے میں ناکام رہتے ہیں۔

اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق، ''ایک مقامی سطح کا، فوجی کارروائی میں حکمت عملی سے متعلق وقفہ روزانہ مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے سے شام سات بجے تک کیا جائے گا۔ آئندہ اعلان تک یہ وقفہ ابوسالم کی سرحدی گزرگاہ اور صلاح الدین روڈ پر شمال کی جانب ہو گا۔‘‘

اس حوالے سے اسرائیلی فوج کی طرف سے ایک نقشہ بھی جاری کیا گیا ہے جس میں انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر امدادی سامان کی ترسیل کا راستہ رفح میں یورپی ہسپتال تک دکھایا گیا ہے۔

یہ فاصلہ ابوسالم سرحدی گزرگاہ سے دس کلومیٹر تک کا بنتا ہے۔

سات اکتوبر کو جنوبی اسرائیل میں حماس کے دہشت گردانہ حملے میں تقریبا 1200 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ 250 سے زائد کو یرغمال بنا کر غزہ پٹی لے جایا گیا تھا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ غزہ میں اب بھی 100 سے زائد یرغمالی موجود ہیں، جبکہ اسرائیلی حکام نے ان یرغمالیوں میں سے کم از کم 40 کو مردہ قرار دیا ہے۔

ادھر حماس کے زیر انتظام فلسطینی علاقے غزہ پٹی کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ سات اکتوبر کے بعد سے جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی کم از کم تعداد 37,296 تک پہنچ چکی ہے جبکہ زخمی ہونے والوں کی مجموعی تعداد 85,197 ہے۔

ا ب ا/ک م، م م (اے ایف پی، اے پی)