وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور نے نسوار پر ٹیکس کی مخالفت کر دی

نسوار غریب لوگ استعمال کرتے ہیں ٹیکس نہ لگایا جائے،وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کا کابینہ اجلاس میں اظہار خیال

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 24 مئی 2024 16:14

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور نے نسوار پر ٹیکس کی مخالفت ..
پشاور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 مئی 2024 ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور نے نسوار پر ٹیکس کی مخالفت کر دی، نسوار غریب لوگ استعمال کرتے ہیں ٹیکس نہ لگایا جائے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ہ علی امین گنڈاپورکی زیرصدارت کابینہ اجلاس ہوا ۔اجلاس میں بجٹ میں نسوار پر بھی ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی۔ علی امین گنڈاپور نے ٹیکس کی مخالفت کردی۔

خیبرپختونخوا ہ کی حکومت آج آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرنے جارہی ہے۔ خیبر پختونخوا ہ کے بجٹ کا کل حجم 1754 ارب روپے ہے، ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافہ کی تجویز ہے۔جبکہ کم سے کم ماہانہ اجرت 32 سے بڑھا کہ 36 ہزار روپے کرنے کی تجویز ہے۔تعلیم کیلئے 362 ارب 68 کروڑ، صحت کیلئے 232 ارب روپے مختص ہیں جبکہ صحت سہولت کارڈ کیلئے 34 ارب،بی آر ٹی سبسڈی کیلئے 3 ارب مختص ہیں۔

(جاری ہے)

بجٹ کا مجموعی حجم پندرہ سے سولہ کھرب کے درمیان ہوگا۔بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں دس سے پندرہ فیصد اضافہ ہوگا ۔بجٹ کی تجاویز کی دستاویز کے مطابق بجٹ کے حجم کا تخمینہ 1754 ارب روپے ہے اور بجٹ 100 ارب روپے سرپلس رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ مجموعی اخراجات کیلئے1654 روپے مختص کرنے اور ضم اضلاع کیلئے 144 ارب روپے ، ترقیاتی بجٹ کیلئے 259 ارب روپے جبکہ صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے120 ارب روپے، ضم اضلاع کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے36 ارب روپے، ایکسیلریٹڈ امپلی منٹیشن پروگرام کیلئے 79 ارب روپے اور فارن پروگرام اسسٹنس مد میں 130 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

صوبے میں پراپرٹی ٹیکس شرح میں کمی، تمباکو پر صوبائی لیول پر ٹیکس لگانے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔خیبرپختونخواہ حکومت نے بھی ایئرایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا اور احساس روزگار، نوجوان پروگرام، ہنر پروگرام کے تحت ایک لاکھ روزگار ، 12 ارب مختص جبکہ امن و امان کیلئے 140 ارب 62 کروڑ، سیاحت کیلئے 9 ارب 66 کروڑ روپے مختص ہیں اور زراعت کیلئے 28 ارب 93 کروڑ، توانائی کیلئے 31 ارب 54 کروڑ روپے مختص ہیں۔