Live Updates

پنجاب میں موبائل پولیس سٹیشن اور لائسنسنگ یونٹ متعارف

ڈرائیونگ لائسنس بنوانے اور ری نیو کروانے والوں کو بڑی سہولت مل گئی

Sajid Ali ساجد علی منگل 21 اکتوبر 2025 16:35

پنجاب میں موبائل پولیس سٹیشن اور لائسنسنگ یونٹ متعارف
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر2025ء) صوبہ پنجاب میں موبائل پولیس سٹیشن اور لائسنسنگ یونٹ متعارف کروادیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے پہلے موبائل پولیس سٹیشن اینڈ لائسنسنگ یونٹ پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کردیا، اس سلسلے میں ہونے والی افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ نے منصوبے کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور سٹاف سے ملاقات بھی کی۔

بتایا گیا ہے کہ موبائل پولیس سٹیشن میں شہریوں کے لیے ایف آئی آر کے اندراج، ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء اور تجدید سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی، اس جدید یونٹ میں لرنر، ریگولر، انٹرنیشنل اور ویمن لائسنسنگ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی، موبائل پولیس سٹیشنز گرلز ایجوکیشن سینٹرز، ورکنگ ویمن اور دور دراز علاقوں میں بھی خدمات فراہم کریں گے، جس سے عوام کو سہولت اور وقت کی بچت ہوگی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے موبائل پولیس سٹیشن اور لائسنسنگ یونٹ کی چابیاں متعلقہ افسران کے سپرد کرتے ہوئے سٹاف کو عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور ہمدردانہ رویہ اپنانے کی ہدایت کی، وزیراعلیٰ پنجاب کو منصوبے کی ورکنگ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس پر انہوں نے کہا کہ یہ اقدام عوام کو ان کی دہلیز پر پولیس اور لائسنسنگ خدمات فراہم کرنے کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔

Live سے متعلق تازہ ترین معلومات